نظام آباد:2؍ اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)عیدالاضحی کے موقع پر گائوکشی پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہندو تنظیموں سے وابستہ قائدین نے کلکٹریٹ پر دھرنا دیتے ہوئے ضلع ایس پی اور کلکٹر کو یادداشت پیش کی۔ تفصیلات کے بموجب گیتا بھون میں گوڈ سیوا سمیتی سے تعلق رکھنے والے 18تنظیموں نے ایک ریالی نکالی۔ ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹانڈ، خلیل واڑی سے ہوتے ہوئے کلکٹریٹ پہنچ کر کلکٹریٹ کے روبرو دھرنا دیا۔ کلکٹریٹ کے اے او گنگادھر نے ضلع ایس پی چندر شیکھر ریڈی کو یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر بڑے پیمانے پر ضلع نظام آباد میں گائوکشی کے امکانات ہیں اورگذشتہ ایک ہفتہ سے سینکڑوں گاڑیوں میں بغیر اجازت گائیوں کو منتقل کیا جارہا ہے اور فٹ پاتھ پر دکانات قائم کرتے ہوئے گوشت کو فروخت کیا جارہا ہے اور غیر قانونی طورپر گائے کی خرید و فروخت کے کاروبار جاری ہے گائیوں کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر مجاز طریقہ سے فروخت کردہ گائیوں کو ضبط کرتے ہوئے گوشالہ منتقل کرنے اور پولیس پیکٹ قائم کرنے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا اور عیدالاضحی تک ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں خصوصی نگاہ رکھنے کا مطالبہ کیا اس موقع پر رایجشور گپتا، امباداس رائو،مہیش گپتا، مرلی دھرو دیگر بھی موجود تھے۔