نصف شب نل کی کشادگی پر مشکلات

تانڈور میں محکمہ آبرسانی کی لاپرواہی‘ شہری رات بھر جاگنے پر مجبور

تانڈور ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس بلدیہ تانڈور کا اجلاس محترمہ سنیتا سمپت (کانگریس) صدرنشین کی صدارت میں میں کل منعقد ہوا ۔ آغاز پر ہی محمد عابد رکن بلدیہ (مجلس) نے کہاکہ قدیم تانڈور میں نصف شب کے بعد دو بجے رات میں نل کشادہ کئے جا رہے ہیں جس سے وہاں کے شہریوں کو رات بھر جاگنا پڑ رہا ہے ۔ وہاں زیادہ تر محنت کش طبقہ آباد ہے معزز کونسلر نے برہمی کے انداز میں کمشنر بلدیہ پر تنقید کی ۔ شری بھوگیش ورالو کمشنر بلدیہ نے اپنی غلطی تسلیم کی اور کہاکہ مشورہ کر کے دن کے اوقات میں کوئی مناسب وقت پر نل کشادہ کئے جائیں گے ۔ آبی قلت کے پیش نظر شہر تانڈور میں ایک دن کے وقفہ سے پینے کا پانی سربراہ کیا جا رہا ہے ۔ محمد عابد رکن بلدیہ نے مزید کہا کہ شہر تانڈور میں مشن بھاگیرتا کے کاموں کی تکمیل کے باوجود سڑکوں سے ملبہ آج تک ہٹایا نہیں گیا جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ راہروں اور گاڑیوں کے لئے مشکل پیش آ رہی ہے ۔ رکن بلدیہ سید زبیرلالہ ٹی آر ایس نے ان کے حلقہ گولاپرو میں 15 دن سے آبی سربراہی کے بند ہونے کی شکایت کی ہے وہاں زیر زمین سطح آب بھی نیچے گر گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لاگولاپرو تالاب پر منی ٹینک بنڈ کی منظوری کے باوجود تعمیراتی کام شروع نہیں کئے گئے ۔ عبدالرزاق فلور لیڈر ٹی آر ایس ‘ محمدی بیگم ایڈوکیٹ مجلس اور معاون رکن بلدیہ وغیرہ نے اجلاس میں شرکت کی ۔