نشیلے انجکشن فروخت کرنے والی خطرناک ٹولی گرفتار

216 انجکشن ضبط، ساوتھ زون ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 27 اگست (سیاست نیوز) ساوتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے ایک خطرناک ٹولی کو گرفتار کرلیا جو نشیلی دوا کے انجکشن کو غیرقانونی طور پر فروخت کررہے تھے۔ بتایا جاتا ہیکہ اس ’’فورٹ ون‘‘ دوا کو بغیر ڈاکٹر کے مشورہ کے استعمال نہیں کیا جاسکتا جو ماہر انستھشیا کی نگرانی سرجری کے وقت مریض کو بیہوش کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹاسک فورس پولیس نے ڈرگ انسپکٹر کی مدد سے اس تین ٹولی رکنی کو بے نقاب کردیا اور ان کے قبضہ سے 216 فورٹ ون انجکشن کو ضبط کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس مسٹر کوٹھی ریڈی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 43 سالہ پرکاش وشنو میڈیکل ہال ملکاجگری ساکن وانی نگر ملکاجگری 34 سالہ سائیلیش ساکن سائنک پوری جو سیلز ایجنٹ بتایا گیا ہے کے علاوہ 40 سالہ عبدالمجید خاں باغ جہاں آراء چنچلگوڑہ حیدرآباد کو گرفتار کرلیا جبکہ سریندر نامی شخص جو تروپتی کا متوطن ہے، مفرور بتایا گیا ہے۔ ٹاسک فورس پولیس کے مطابق پرکاش جو ملکاجگری میں واقع ایک میڈیکل دکان کا مالک ہے، اس نے تروپتی کے سریندر سے رابطہ قائم کیا اور دونوں میں ’’فورٹ ون‘‘ کا تبادلہ جاری تھا اور فی باکس جس میں 12 پیاکٹس رہتے ہیں، 600 روپئے میں خریدا جاتا تھا جس کی اصل قیمت ساڑھے پانچ روپئے بتائی گئی ہے اور پرکاش اس دوائی کو ہزار روپئے میں فروخت کرتا تھا۔ تین ماہ قبل عبدالمجید نے پرکاش سے سائیلیش کے ذریعہ رابطہ قائم کیا جس کے بعد اس دوائی کا غلط استعمال کیا جانے لگا۔ اکثر نشہ کے عادی  افراد اس کا استعمال کرتے ہیں جو انتہائی خطرناک ہوتا ہے اور اس کے زائد استعمال سے قلب متاثر، رگوں کی سوزش کے علاوہ کئی ایک بیماریاں متاثر کرسکتی ہیں۔ ٹاسک فورس پولیس نے مزید تحقیقات کیلئے خاطیوں کو رین بازار پولیس کے حوالے کردیا۔