نشان مبارک کی منتقلی کے دوران اشرار کا حملہ بیگم بازار میں معمولی کشیدگی

حیدرآباد ۔ 16نومبر (سیاست نیوز) بیگم بازار علاقہ میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب نامعلوم اشرار نے ایک آٹو پر اچانک حملہ کر دیا جس میں نشان مبارک کو منتقل کیا جا رہا تھا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ تاڑبن میں واقع ایک درگاہ کے عرس کے موقع پر بعض افراد آٹو میں نشان مبارک اور صندل لے جا رہے تھے کہ بیگم بازار شاہ عنایت گنج میں اچانک دو نامعلوم موٹر سیکل سوار آٹو پر شدت سے سنگباری کی جس کے نتیجہ میں آٹو اور نشان مبارک کو نقصان پہونچا ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شاہ عنایت گنج پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم وہاں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور حملہ میں زخمی افراد کی شکایت حاصل کرنے کے بعد اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ نامعلوم اشرار نے آٹو کا تعاقب کر کے نشان مبارک پر حملہ کیا ہے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔