نسیم الدین صدیقی کی مخالفت پر یو پی کانگریس قائد کا اخراج

لکھنؤ ۔ /27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج پارٹی کے سینئر قائد برائے اترپردیش سنجے ڈکشٹ کو پارٹی کی رکنیت سے 6 سال کیلئے پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں خارج کردیا ۔ ڈکشٹ نے حال ہی میں ڈی ایس پی قائد نسیم الدین صدیقی کی پارٹی میں شمولیت پر اعتراض کیا تھا ۔ آج جاری کردہ بیان میں یو پی کانگریس کے ترجمان اشوک سنگھ اور ڈکشٹ نے ذرائع ابلاغ اور سماجی ذرائع ابلاغ پر کانگریس کی اعلیٰ تر قیادت کے خلاف بیانات دیئے تھے ۔ پارٹی کے فورم میں اپنے موقف کو واضح کرنے کے بجائے یہ انکشافات عوامی فورم پر کئے گئے تھے ۔ یو پی کانگریس کی تادیبی کمیٹی نے اس کارروائی کو ڈسپلن شکنی قرار دیتے ہوئے 6 سال کیلئے پارٹی کی رکنیت سے انہیں خارج کردیا ۔ اخراج سے قبل ڈکشٹ سے تحریری وضاحت طلب کی گئی تھی ۔