نریندر مودی ’’گجرات کا قصاب‘‘ :ترنمول کانگریس

کولکتہ /27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس نے نریندر مودی کے خلاف اپنی سلسلہ وار تنقیدوں اور الزامات کے ساتھ آج انہیں ’’گجرات کا قصاب‘‘ قرار دیا اور کہا کہ جو اپنی بیوی کا خیال نہیں رکھ سکتا وہ قوم کی کیا خدمت کرے گا ۔ ترنمول کانگریس نے آج شام اپنے بیان میں کہا کہ گجرات کا قصاب اپنے خود کی بیوی کی فکر نہیں کرسکتا تو وہ اس عظیم ملک کی فکر اور دیکھ بھال کیسے کرے گا ۔ حال ہی میں مودی نے مغربی بنگال کا دورہ کیا تھا ۔ یہاں کی ترقی کا ماڈل دیکھ کر وہ لاجواب ہوگئے ۔ اس لئے وہ ذاتی حملے کررہے ہیں ۔ گجرات کے 2002ء مسلم کش فسادات کا حوالہ دیتے ہوئے ترنمول کانگریس نے کہا کہ چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے کے چند منٹوں کے اندر ہی مودی کے پہلے دور کے دوران یہ فسادات ہوئے ہیں ۔ بی جے پی کی وزارت عظمیٰ کی حیثیت سے اب وہ حلف لیتے ہی کیا ہنگامہ کھڑا کریں گے یہ غور طلب ہے ۔ مودی نے کل ممتا بنرجی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے مغربی بنگال کی چیف منسٹر کی حیثیت سے 35 ماہ کے اندر اس ریاست کو سب سے زیادہ نقصان پہونچایا

جو 35 سال کے دوران بائیں بازو حکومت نے نہیں پہونچایا تھا ۔ نریندر مودی نے آج احمد آباد میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں حب الوطن ہوں ۔ اس سے قبل انہوں نے خود کو ایک ہندو قوم پرست قرار دیا تھا ۔ اپنے اس بیان سے منحرف ہوکر آج انہوں نے حب الوطن بتایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے ہندوستانی ہوں اس کے بعد دوسرا شہری ہوں ۔ میں عقیدہ سے ہندو ہوں اور مجھے اس عقیدے پر فخر ہے ۔ اس کے ساتھ اپنے ملک سے بھی پیار کرتا ہوں اس لئے میری حب الوطنی کھری ہے ۔انہوں نے کانگریس پر تنقید کی اور کہا کہ کانگریس پارٹی سیکولرازم کے بنکر میں روپوش ہونے کی کوشش کررہی ہے ۔ وہ لوک سبھا میں 100 نشستیں بھی حاصل نہیں کرسکے گی ۔ اس لئے وہ اپنی بقا کی جنگ لڑرہی ہے ۔ سونیا گاندھی کی انتخابی مہم خطرناک مذہبی سونچ کی حامل ہے ۔