فرخ آباد ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر سلمان خورشید نے آج نریندر مودی کو ’’نامرد‘‘ قرار دیا جس پر بی جے پی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ وزیر امور خارجہ نے آج یہاں ایک ریالی سے خطاب کے دوران بی جے پی وزارت عظمی امیدوار کو پھر ایک بار تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے 2002 ء میں مابعد گودھرا فسادات صورتحال سے نمٹنے کے سلسلہ میں کئی سوالات اٹھائے۔ سلمان خورشید نے اس سے پہلے مودی کا موازنہ کنویں کے مینڈک سے کیا تھا ۔ انہوں نے مودی کا نام لئے بغیر پوچھا کہ ایک شخص جو ملک کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے، اس نے 2002 فسادات کے دوران کیوں خاموشی اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ آئے، حملہ کیا اور چلے گئے لیکن وہ (مودی) انہیں تحفظ نہیں فراہم کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مودی پر عوام کو ہلاک کرنے کا الزام عائد نہیں کرتے بلکہ ہمارا یہ الزام ہے کہ تم نامرد ہو۔ تم قاتلوں کو روک نہیں سکے۔ بی جے پی لیڈر ایس متل نے سلمان خورشید کے اس تبصرہ پر افسوس ظاہر کیا اور اسے نچلی سطح کی سیاست سے تعبیر کیا ۔
آئندہ انتخابات میںریاضینہیں کیمیا ء بھی ہوگی :مودی
گاندھی نگر ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی نے آج کہا کہ مجوزہ عام انتخابات ایک غیر معمولی واقعہ ہوں گے کیونکہ اسے صرف نشستوں کی تعداد کی بنیاد پر نہیں بلکہ پارٹی قائدین اور رائے دہندوں کے مابین تعلق کی بنیاد پر لڑ ا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت ڈوب رہا ہے اور ہمیں اس بچانا ہے۔ یہ انتخابات اپنی نوعیت کے منفرد ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی سیاسی پنڈت انتخابی نتائج کا تجزیہ کر رہے ہے لیکن وہ پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ آئندہ انتخابات صرف حساب کتاب (ریاضی) کی بنیاد پر نہیں بلکہ کیمیا (پارٹیوں ، قائدین اور رائے دہندوں کے درمیان )کی بنیاد پر ہوں گے ۔ انہوں نے گاندھی نگر ٹاؤن ہال میں بی جے پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔