کانگریس کو ایک اور دھکا! کسانی لیڈر کرشنا ویر چودھری بی جے پی میں شامل
نئی دہلی ۔ 24 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کسانی لیڈر کرشنا ویر چودھری نے اپنے حامیوں کے ساتھ صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس موقع پر پار ٹی ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارتیہ کرشک سماج (BKS) کے صدر چودھری اور ان کے حامیوں کا میں پارٹی میں خیرمقدم کرتا ہوں جنہوں نے کانگریس سے علحدگی اختیار کرلی ہے۔ چودھری کے علاوہ اترپردیش کے ایک ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسر وی پی نیل رتنا نے بھی راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔ پارٹی میں شامل تمام افراد کی راج ناتھ سنگھ کی گلپوشی کی ۔ دریں اثناء مسٹر چودھری نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کسانوں کے مفاد کا خیال رکھیں گے ک یونکہ کانگریس کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کسانوں کو بہت میادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
بی جے پی کسانوں کے مفاد میں کام کر رہی ہے اور اسی امید کے ساتھ میں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کری ہے کہ نریندر مودی کسانوں کے مفاد کا تحفظ کریںگے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ لوک سبھا انتخابات لڑنے کیلئے بی جے پی کے ٹکٹ کے خواہاں ہیں تو انہوں نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات لڑنے یا ٹکٹ حاصل کرنے پارٹی میں شامل نہیں ہوئے ہیں بلکہ کسانوں کے مفاد کیلئے انہوں نے یہ قدم اٹھایا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ قبل ازیں کانگریس قائدین جگدمبیکا پال اور ستپال مہاراج نے بھی بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔