کوہیر ۔ /13 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک میں فرقہ پرست طاقتیں مسلمانوں اور دلتوں کو کمزور کرنا چاہ رہی ہیں اور فرقہ پرستی ملک کی سلامتی کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے ۔ آج وقت آگیا ہے کہ ملک کی سیکولر عوام ان کو منہ توڑ جواب دیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب رحمن خان مرکزی وزیر اقلیتی امور نے کوہیر مستقر میں واقع پرانے بس اسٹانڈ پر آج ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کیلئے انتخابی جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کو ملنے والا ہر ووٹ ملک میں سیکولرازم کو مضبوط و مستحکم کرے گا ۔ کانگریس پارٹی کے خلاف ووٹ دینے کا مطلب فرقہ پرست طاقتوں کو تقویت پہنچنے کے برابر ہے ۔ ملک میں بی جے پی اور نریندر مودی کو روکنے کا کام صرف اور صرف کانگریس پارٹی سے ہی ممکن ہے ۔ چنانچہ ملک کے تمام سیکولر ووٹرس کانگریس پارٹی کو ووٹ دیں ملک اس وقت سیکولرازم اور فرقہ پرست نظریات کی جنگ لڑرہا ہے ۔ اس نازک مرحلے پر عوام اپنے شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحدہ طور پر سیکولر کانگریس کو ووٹ دیں ۔ کانگریس پارٹی کی بنیاد ہی سیکولرازم پر قائم ہے ۔ مسلم اقلیتوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے کئی ایک کارنامے انجام دیئے گئے ہیں ۔ 130 کروڑ پر مشتمل ملک کی تقریباً 25 فیصد آبادی سطح غربت سے دو وقت کھانے سے محروم تھی ۔
کانگریس حکومت نے ملک میں قانون حق غذا لاگو کرتے ہوئے ملک کے ہر غریب کو پیٹ بھر کھانا فراہمی کو یقینی بنایا اس کے علاوہ قانون حق معلومات اور ضامن روزگار اسکیم کے تحت ہر سال 200 دن کام کا موقع فراہم کیا ۔ کانگریس پارٹی نے 15 کروڑ غریب عوام کو خط غربت سے باہر نکالا اور ملک میں مسلم اقلیتوں کیلئے 17 ہزار کروڑ روپئے صرف کئے گئے اور 2 لاکھ پکے مکانات تعمیر کروائے گئے اور مرکز میں وزارت اقلیتی امور کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ انہوں نے کہا کانگریس پارٹی ملک میں اقلیتوں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے ۔ 2014 ء کے عام انتخابات بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں ۔ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے ملک کے مسلمان کانگریس پارٹی کو ہمیشہ ساتھ دیا ہے اور مسلمانوں کی ترقی کانگریس پارٹی سے ہی ممکن ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنا بچپن مسلمانوں کے ساتھ گزرا ہے ۔ وہ شہر حیدرآباد میں پلی بڑھی ہوئی ہیں وہ ایک سیکولر ہیں ۔ ہر مذہب کا پاس و لحاظ رکھتی ہیں ۔ انہوں نے کہا مسلمانوں کے لئے ملازمت میں 4 فیصد تحفظات اوراقلیتی بہبود کے بجٹ میں سالانہ ایک ہزار کروڑ بجٹ رکھتا یہ تمام کانگریس پارٹی کے کارنامے ہیں اس موقع پر کوہیر ریلوے گیٹ سے ایک شاندار عظیم الشان موٹر سیکل ریالی کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر محمد جابر پٹیل سینئر قائد کانگریس پارٹی ، محمد عبدالرشید ، محمد عبدالقیوم ، مرتضی پٹیل ، محمد اشرف علی ، اسلم ، فردوس ، ڈاکٹر عبدالستار ، محمد عتیق احمد، محمد لائق احمد ، محمد مقبول سید رئیس الدین ، محمد ارشد علی ، شہاب الدین ، شیخ زاہد علی ، کوہیر منڈل کانگریس پارٹی صدر مسٹر اروند ریڈی کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ جلسہ کی کارروائی جناب محمد شمشیر علی ٹاؤن صدر کانگریس پارٹی نے چلائی۔