کریم نگر۔/23اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گجرات کے وزیر اعلیٰ کی شہرت کا آج جو ڈنکا پیٹا جارہا ہے، انہیں بی جے پی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنایا گیا ہے، اس سطح پر پہنچنے تک انہیں کانگریس کا ہی سہارا اور تعاون حاصل ہوا ہے۔ حلقہ پارلیمنٹ کریم نگر کے ٹی آر ایس امیدوار مسٹر بی ونود کمار نے کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ یہی کانگریس پارٹی نے گجرات کی ترقی اور نریندر مودی کی تعریف کی تھی اور اب تنقید کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے وزیر اعلیٰ کے الزامات کا کانگریس کے پاس کوئی مناسب جواب نہیں ہے۔ بوئن پلی ونود کمار نے کہا کہ مودی تمام وعدے جھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کی ترقی مودی کی پیدائش سے قبل سے پہلے ہی مثالی تھی اور گجرات 300سال قبل سے ترقی یافتہ رہا ہے کیونکہ عرصہ دراز سے گجرات کے تاجروں، بیوپاریوں کے ساؤتھ آفریقہ، سعودی عرب، دوبئی وغیرہ سے تجارتی تعلقات تھے
اورآج بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلہ میں کانگریس، تلگودیشم ، بی جے پی نے صرف تالی بجانے کا کام کیا ہے۔کانگریس پارٹی نے راجیہ سبھا میں بل پیش کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ مودی کو تو تلنگانہ کی علحدگی کبھی پسند ہی نہیں تھی۔انہوں نے تلنگانہ کی ترقی کیلئے ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔مسٹر بی ونود کمار نے کہا کہ مجلس اتحادالمسلمین شاخ کریم نگر کا میں ممنون ہوں کہ اس نے میری تائید کا اعلان کرتے ہوئے یہاں اس انتخابی جلسہ کا اہتمام کیا ہے اور آج اتنی بڑی تعداد میں آپ لوگ یہاں جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے بالخصوص خواتین ماؤں اور بہنوں کی اتنی بڑی تعداد کو جلسہ میں دیکھ کر کہا کہ مجھے یقین ہوچکا ہے کہ سارے مسلمان میرے ساتھ ہیں اور مجھ پر اعتماد کرتے ہیں۔ شہ نشین پر سید وہاج الدین، سید غلام احمد حسین، محمد عباس سمیع، میر برکت علی وغیرہ موجود تھے۔