احمدآباد۔/26مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) نریندر مودی حکومت کی ایک سالہ حکمرانی کے خلاف آج یہاں صدر بی جے پی امیت شاہ اور حکمران جماعت کے پارٹی آفس کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کرنے پر پولیس نے کانگریس کے تقریباً 200کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ سینئر کانگریس لیڈر نے بتایا کہ آج یہ احتجاج مختلف محاذوں پر نریندر مودی حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے AICC کی مہم کا حصہ ہے۔ قبل ازیں آج صبح تقریباً 170کانگریس ورکرس اور قائدین علاقہ خان پور میں بی جے پی آفس کے روبرو اکٹھا ہوگئے اور انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل پر نریندر مودی حکومت کے خلاف نعرے بلند کئے۔ پردیش کانگریس کے ترجمان منیش دوشی نے بتایا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے یہ ہدایت دی ہے کہ ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کو بے نقاب کیا جائے ۔ ہمارے کارکنوں نے نریندر مودی کے انتخابی وعدوں بشمول ہر ایک شہری کے بینک اکاؤنٹ میں 15لاکھ روپئے ڈپازٹ کی فہرست تیار کی ہے اور بی جے پی لیڈروں سے جواب طلب کیا جارہا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران انتخابی وعدوں پر کہاں تک عمل کیا گیا۔ احتجاج کی اطلاع ملتے ہی شاہ پور پولیس اسٹیشن کا عملہ فی الفور وہاں پہنچ گیا اور 169 احتجاجیوں بشمول 86مرد اور 83خواتین اورایک مقامی کانگریس رکن اسمبلی غیاث الدین شیخ کو حراست میں لے لیا۔ بعد ازاں انہیں رہا کردیا گیا۔ دریں اثناء نارائن پوری پولیس نے امیت شاہ کی قدیم رہائش گاہ کے قریب 84کانگریس کارکنوں بشمول 43 خواتین کو حراست میں لے لیا گوکہ امیت شاہ یہاں قیام پذیر نہیں ہیں لیکن اس علاقہ میں بی جے پی کا دفتر واقع ہے۔محروسین میں سٹی کانگریس صدر چیتن راول اور ریاستی مہیلا کانگریس صدر سونالی پاٹل شامل ہیں۔