نئی دہلی ۔29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی ایکحلیف جماعت این سی پی کے سینئر لیڈر پرفل پٹیل نے آج گجرات کے چیف منسٹر نریندر مودی کے تئیں نرم گوشہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے ریمارکس کو بالواسطہ طور پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ پرفل پٹیل نے کہا کہ مابعد گودھرا فسادات میں نریندر مودی کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے بارے صرف کسی عدالتی اعلان کو ہی قبول کیا جانا چاہئے اور دوسروں کو اب اس مسئلہ پر مزید سوال نہیں اٹھانا چاہئے۔
مرکزی وزیر پرفل پٹیل نے کہا کہ ’’ہم ایک ایسے دور میں ہیں جہاں ہمارا ایقان ہیکہ کسی بھی مسئلہ پر یا کسی تنازعہ کے خاتمہ کیلئے نظام عدلیہ ہی حصول انصاف کا آخری چارہ کار ہے اور اس ضمن میں نظام عدلیہ اگر کسی فیصلہ کا اعلان کرتا ہے تو ہمیں اس کا احترام کرنا چاہئے۔ ہم اس پر مزید سوالات نہیں اٹھاسکتے۔ ایک ٹیلیویژن کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران راہول گاندھی کی جانب سے گجرات کے چیف منسٹر نریندر مودی پر کی گئی تنقید کے بارے میں پرفل پٹیل نے اخباری نمائندوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ ریمارک کیا۔ پرفل پٹیل نے کہا کہ ہر کوئی کسی انٹرویو میں اپنے نظریات کا اظہار کرسکتا ہے لیکن سیاست نہ صرف سیاستدانوں بلکہ عوام کے خیالات اور قیاس پر مبنی ہوتی ہے لیکن یہ حقیقت اپنی جگہ برقرار رہتی کہ اگر نظام عدلیہ نے کسی تنازعہ کو واضح طور پر ظاہر نہیں کرنی چاہئے کہ اس مسئلہ کو ختم کردیا جائے۔