رالیگاؤں۔/17فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) حصول اراضیات آرڈیننس کے خلاف جنتر منتر دہلی پر احتجاج سے قبل سماجی کارکن انا ہزارے نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ وہ کسانوں اور غریبوں کی بجائے صنعت کاروں کے بارے میں زیادہ سوچتے ہیں۔ نریندر مودی کا تمسخر اُڑاتے ہوئے انا ہزارے نے کہا کہ بی جے پی برسر اقتدار آنے کے بعد اچھے دن صرف صنعت کاروں کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی پالیسیوں سے ہندوستان کا مستقبل درخشاں نہیں ہوسکتا۔ واضح رہے کہ انا ہزارے قومی دارالحکومت میں 23اور 24فبروری کو حصول اراضیات آرڈیننس کے خلاف احتجاجی دھرنا دیں گے۔