رافیل طیارہ خریدی تنازعہ پرہندوستان میں ہلچل
نئی دہلی ۔ 23ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کرپشن کے نئے اسکینڈل میں پھنس گئے ہیں جس میں فرانس سے رافیل طیارے خریدنے کا تنازعہ سامنے آیا ہے ۔ میڈیا کے مطابق فرانس کے سابق صدر فرانسوا اولاند نے انکشاف کیا ہے کہ ہندوستان نے 11کھرب روپئے مالیت کے 36 رافیل لڑاکا طیارے کی خریداری کیلئے بزنسمین انیل امبانی کی دیوالیہ کمپنی کو پارٹنربنانے کی تجویز دی تھی ۔ سابق فرانسیسی صدر کے انکشافات کے بعد ہندوستانی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے اور اپوزیشن کانگریس کے صدر راہول گاندھی بھی مودی سرکار پر برس پڑے ہیں ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ انیل امبانی کی کمپنی 45ہزار کروڑ روپئے کے قرض میں ڈوبی ہوئی تھی اوراس کی مدد کیلئے ہی نریندر مودی نے رافیل طیاروں کے معاہدے کا سہارا لیا ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل نریندر مودی کے دوست اور چھوٹے مودی کے نام سے مشہور ہیرے کے تاجر نیرو مودی کے اثاثے دیڑھ کھرب روپئے کے فراڈ کے الزام میں منجمد کردیئے گئے تھے ۔