نریندر مودی کا پتلا نذر آتش حکومت کے خلاف نعرے

پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کا احتجاج
حیدرآباد۔یکم جولائی(سیاست نیوز) پٹرول ڈیزل قیمتوں میں اضافے کے خلاف کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا گریٹر حیدرآباد اور اے آئی وائی یف نے وزیر اعظم نریندر مودی کا علامتی پتلا نذر آتش کیااو رمخالف حکومت نعرے لگائے۔ مذکورہ احتجاجی پروگرام کی قیادت سینئر کمیونسٹ قائد و سابقہ رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب عزیز پاشاہ نے کی جبکہ ڈاکٹر سدھاکر سٹی سکریٹری سی پی آئی‘راملو یادو ریاستی سکریٹری تلنگانہ اے آئی وائی ایف کے علاوہ سینکڑوں کی تعدا د میں کمیونسٹ قائدین نے بھی اس احتجاجی پروگرام میں حصہ لیا۔بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جناب سیدعزیزپاشاہ نے کہاکہ بی جے پی نے اقتدار میں آنے کے بعد اچھے دن لانے کا وعدہ کیا تھا مگر اقتدار میں آنے کے ایک ماہ کے اندر 14.2فیصد ریل کرایوں میںاضافے کے ذریعہ اچھے دنوں کی منتظر عوام کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔انہوں نے مزید کہاکہ نریندر مود ی انتظامیہ کے ایسے اچھے دنوں سے یوپی اے کے برے دن عوام کے لئے راحت بخش تھے۔ انہوں نے کہاکہ یو پی اے اول نے میںجس طرح سونیا گاندھی نے ٹیکس اور ڈیوٹی فری کرکے پٹرول اور ڈیزل کی وبڑھتی قیمتوں پر کنٹرول کیاتھا اسی طرح نریندر مودی انتظامیہ سے بھی فیصلے متوقع تھے مگر اچھے دن لانے کے نام پر عام آدمی کی مشکلات میںاضافے کی پالیسی کو نریندر مودی انتظامیہ نے اپنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2.20فی لیٹر اضافے کے ذریعہ جو بوجھ عوام پر عائد کرنے کا فیصلہ مودی انتظامیہ نے لیا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ مودی انتظامیہ کو بھی اس ملک کے عام آدمی کو درپیش مسائل سے کوئی دلچسپی نہیںہے۔ انہوں نے کہاکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میںاضافہ سے روز مرہ استعمال ہونے والی اشیاء جات کی قیمتوں میںبھی بے تحاشہ اضافے کا خدشہ ہے جس کا راست اثر عام آدمی کی زندگی پر پڑے گا۔جناب عزیز پاشاہ نے کہاکہ پٹرول ڈیزل کی اضافی قیمتوں سے دستبرداری تک ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔