نریندر مودی نے تمام وزارتی گروپس کو برخاست کردیا

وزراء اور محکمہ جاتی سطحوں پر فیصلہ سازی کے عمل کو بہتر بنانے اقدامات : پی ایم او
نئی دہلی ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام 30 وزارتی گروپس اور ایمپاورڈ گروپس آف سنٹر (GOMS, EGOMS) کو برخاست کردیا ہے ۔ انہوں نے وزراء اور محکمہ جات سے کہا کہ وہ زیر التواء معاملوں پر فیصلے کریں ۔ 9 امپاورڈ گروپس آف منسٹرس اور 21 وزارتی گروپ کو برخاست کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم کے دفتر نے کہا کہ وہ فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کرے گا اور سسٹم میں ایک عظیم تر ذمہ داری اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ وزراء اور محکمہ جات اب EGOMS اور GOMS کے پاس زیر التواء مسائل کی یکسوئی کا کام تیز تر انجام دیں گے ۔ وزارتی اور محکمہ جاتی سطحوں پر فیصلہ سازی کا عمل پورا کرلیں گے ۔ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاں کہیں وزراء کو مشکلات درپیش ہوں گی

کابینی سکریٹریٹ اور پی ایم او فیصلہ سازی کے عمل کو موثر بنانے میں معاونت کریں گے ۔ وزارتی گروپ اور با اختیار وزارتی گروپس کو ختم کرنے کا فیصلہ ایک بہت بڑا قدم ہے تاکہ وزراء اور محکموں کو با اختیار بنایا جاسکے ۔ سابق وزیر دفاع اے کے انتونی ان وزارتی گروپس میں سے کئی گروپس کی قیادت کررہے ہیں ۔ کرپشن ، بین ریاستی آبی تنازعات ، نظم و نسق اصلاحات اور گیاس و ٹیلی کام قیمتوں جیسے مسائل پر فیصلے کرنے کے لیے پیانلس کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ بااختیار وزارتی گروپس کو مرکزی کابینہ کے خطوط پر فیصلے کرنے کا اختیار ہوگا ۔ وزارتی گروپس کی سفارشات کو قطعی سماعت و منظوری کے لیے کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا ۔۔