بال گھاٹ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے آج کہاکہ بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کو ملک کی تاریخ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہے اور اُنھوں نے آر ایس ایس اور بی جے پی دونوں ہی کو پست پشت ڈال دیا ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے بال گھاٹ سے کانگریس کی امیدوار حنا کانورے کی ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’مودی کو ملک کی تاریخ کے بارے میں معلومات نہیں ہیں اور وہ آر ایس ایس اور بی جے پی کو بھی پس پشت ڈال چکے ہیں۔ ہر طرف مودی مودی کا چرچہ چل رہا ہے جہاں اُن کی تنظیم (آر ایس ایس ، بی جے پی) کے نظریات کا کوئی وجود باقی نہیں رہا ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے بی جے پی کے انتخابی منشور میں رام مندر کے حوالہ پر بھی تنقید کی
اور کہاکہ ’’اگر وہ (بی جے پی) ایودھیا میں دستور کے مطابق رام مندر تعمیر کرنا ہی چاہتی تھی تو پھر بابری مسجد کیوں منہدم کی گئی۔ بی جے پی دراصل اِس مسئلہ پر سودے بازی میں ملوث ہے‘‘۔ ڈگ وجئے سنگھ نے الزام عائد کیاکہ مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان، ایک سابق وزیر اور ایک کانکنی کے ایک مافیا سرغنہ کی ایم پی پیشہ وارانہ امتحان بورڈ اسکام میں مدد کررہے ہیں۔ اُنھوں نے اِس اسکام کی تحقیقات کے لئے سی بی آئی سے سفارش نہ کئے جانے پر حکومت کی مذمت کی۔ ڈگ وجئے سنگھ نے حنا کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اِس امیدوار کے والد اور سابق وزیر لکھی رام کانورے اُن کے دوست تھے جنھیں نکسلائٹس نے اُس وقت ہلاک کردیا جب وہ (ڈگ وجئے سنگھ) چیف منسٹر تھے۔