عام آدمی پارٹی کیخلاف کارروائی کرنے کا الزام: چیف منسٹر دہلی
نئی دہلی۔3فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اروند کجریوال نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کی۔ پنجاب اور گووا اسمبلی انتخابات کے لیے کل رائے دہی کا آغاز ہورہا ہے۔ اس سے قبل ہی انہوں نے مودی کو بے شرم ڈکٹیٹر قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ مودی ان کی پارٹی عام آدمی پارٹی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کا رجسٹریشن منسوخ کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کے سیاسی موقف منسوخ کرنے الیکشن کمیشن سے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کی گئی سفارش اور اس اقدام کے موقع محل پر سوال اٹھایا کیوں کہ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے الیکشن کمیشن سے ایک ایسے وقت شکایت کی ہے جبکہ پنجاب میں کل رائے دہی ہونے والی ہے۔ چیف منسٹر دہلی نے دعوی کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی ناپاک حربے استعمال کرتے ہوئے ان دو ریاستوں میں بی جے پی کی بدترین ہزیمت سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے ٹوئٹر پر ایک بیان پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی کی ناپاک سونچ اور حقیر حربوں کی وجہ سے گووا اور پنجاب میں بی جے پی بری طرح ناکام ہورہی ہے۔ اس ناکامی کو چھپانے کے لیے مودی عام آدمی پارٹی کو نشانہ بنارہے ہیں۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے امکانات قوی ہوتے جارہے ہیں جہاں اسے کانگریس اور حکمراں اتحاد شرومنی اکالی دل ۔ بی جے پی کے ساتھ تکون مقابلہ ہے جبکہ گووا میں بھی اسی طرح کا مقابلہ ہورہا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ عام آدمی پارٹی گووا میں حکمراں بی جے پی کے امکانات کو ٹھیکس پہنچائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطاق انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے کل ہی الیکشن کمیشن سے سفارش کی تھی کہ وہ عام آدمی پارٹی کے سیاسی موقف کو منسوخ کردے ۔