نئی دہلی 25 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کو ’’پارٹی کی تباہی کا منتر ‘‘قرار دیا۔کانگریس کے ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے کہا کہ نریندر مودی بی جے پی کی تباہی کا منتر ہیں۔ گذشتہ چند دن سے بی جے پی میں جو داخلی ہلچل مچی ہوئی ہے اور دھماکے ہورہے ہیںآئندہ کی مہلک خانہ جنگی کا صرف نقیب ہیں۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں ٹکٹوں کی تقسیم پر پیدا ہونے والی حالیہ ناراضگی کا حوالہ دیاجس میں پارٹی کے قائد جسونت سنگھ نے اپنا پرچہ نامزدگی بحیثیت آزاد امیدوار لوک سبھا انتخابات کیلئے راجستھان سے انتخابی حلقہ بار میر سے داخل کردیا ہے کیونکہ بی جے پی نے انہیں اس حلقہ سے ٹکٹ دینے سے انکار کردیا تھا۔ ابھیشیک سنگھوی نے کہا کہ اگر لال کرشن اڈوانی ،جسونت سنگھ ،ہرین پاٹھک، راجندر سنہہ رانا،لعل منیم چوبے،لال جی ٹنڈن مودی پر بھروسہ نہیںکرسکتے تو قوم کیسے کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا’’جب اپنے تمہارے نہیں تو دیش کیسے؟‘‘ ۔