نئی دہلی ۔ /19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کی جانب سے ترتیب دیئے گئے بینکویٹ کے دوران وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی کٹر سیاسی نقاد اور حریف چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ملاقات کی ۔ دونوں نے چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ مصافحہ کیا ۔ جیسے وزیراعظم راشٹرپتی بھون میں بینکویٹ کیلئے پہونچے انہوں نے ہندوستانی وفد سے ملاقات کی ۔ اس دوران چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی سے بھی ملاقات کی اورکچھ دیر رک کر ان سے خیرسگالی حال بات کرتے ہوئے حال چال پوچھا ۔ اس کے بعد وہ آگے بڑھے ۔ بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے درمیان شدید لفظی تکرار کے چند ہفتوں کے بعد ممتابنرجی اور مودی کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی ۔ ممتا بنرجی نے نریندری مودی اور بی جے پی کے خلاف سخت الفاظ کا استعمال کیا تھا ۔ بی جے پی نے ممتا پر تنقید کی کہ وہ اور ان کی پارٹی شاردا چٹ فنڈ اسکام اور بردوان دھماکہ میں ملوث افراد کی پشت پناہی کررہی ہیں ۔