موتیہاری (بہار) 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی کو بی جے پی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی کا چیلہ قرار دیتے ہوئے صدر آر جے ڈی لالو پرساد نے آج عہد کیاکہ وہ مودی کو بھی روک دیں گے جس طرح اُنھوں نے 1990 ء میں اڈوانی کی رتھ یاترا کے دوران انھیں روک دیا تھا۔ آر جے ڈی امیدوار نیود کمار سریواستو کیلئے انتخابی مہم کے آخری دن جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے لالو نے کہاکہ مودی، اڈوانی کا چیلہ ہے۔ اُنھوں نے اپنے گرو سے ہر چیز سیکھی ہے لیکن اُنھوں نے یہ نہیں جانا کہ میں انھیں (بھی) روک دوں گا،
جس طرح میں نے بہار میں اُن کے گرو (اڈوانی) کو روک دیا تھا، اسی طرح شاگرد کو بھی روک دوں گا۔ لالو نے مزید کہا، ’’اُس وقت گرو کی ہوا نکل گئی تھی۔ اس بار چیلہ کی ہوا نکال دوں گا۔ لالو پرساد اُس وقت بہار کے چیف منسٹر تھے۔ انھوں نے 1990 ء میں سمستی پور میں متنازعہ رتھ یاترا کو روک کر اڈوانی کو گرفتار کیا تھا۔ لالو نے زور دے کر کہاکہ بہار میں 1977 ء کی طرح تحریک چل رہی ہے کہ نریندر مودی کو روکا جائے۔