نریندرمودی پر راجستھان کے چیف منسٹر گہلوٹ کے حملے

جے پور، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی پر پانچ سال میں عوام سے کئے وعدے پورے نہ کرنے اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے خلاف انڈر کرنٹ چل رہا ہے اور وہ اگلے وزیر اعظم نہیں بننے والے ہیں۔گہلوت نے آج یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ریاست میں پہلے مرحلہ کی پولنگ پرامن طورپر اپنے اختتام کو پہنچا اور انتخابات میں جس طرح کانگریس کارکنوں نے یکجہتی کے ساتھ کام کیا اور ووٹ کا فیصد بڑھا اس سے کانگریس کے تئیں اچھا ماحول بنا ہے ، جبکہ مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ ایسا ماحول بنانے میں کامیاب نہیں دیکھ رہے ، کیونکہ عوام سمجھ چکے ہیں کہ گزشتہ پا نچ سال میں جملے بازی، جھوٹے وعدے ، بے روزگاری اور لوک پال کا مسئلہ وغیرہ کے کیا حال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کا موقع آتے ہی ان کی جملہ بازي شروع ہو جاتی ہے ،‘ 70سال میں کانگریس نے کچھ نہیں کیا’ یہ جملہ انہیں لے ڈوبے گا۔ انہوں نے اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی نے جودھپور میں آکر ان کے بارے میں کہا کہ وہ پاکستان کی زبان بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو یہ حق نہیں ہے کہ وزیر اعلی کے بارے میں اتنی سنگین بات کہہ دیں ۔ انہوں نے کہا‘‘پاکستان کے لوگ کیا سوچتے ہیں، وہ میں سوچتا ہوں، وزیر اعلی کسانوں کے اعداد و شمار نہیں بھیج رہے ہیں، یہ کہنا درست نہیں ہے ’’۔انہوں نے مودی پر جھوٹ بولنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جب سے وہ سیاست میں آئے ہیں جھوٹ سے کام چلا رہے ہیں۔ وزیر اعظم کو ملک کے باشندوں کے دل کو چھونے والی بات کرنی چاہئے ۔ انہوں نے مسٹر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی نے دو لائن بھیجی ہے کہ ‘‘مچھر کو کپڑے پہنانا، ہاتھی کو گود میں جھلانا، تم سے سچ بلوانا ناممکن نریندر مودی’’۔ انہوں نے کہا کہ جس شکل میں ملک چل رہا ہے اس سے ملک، آئین اور جمہوریت خطرے میں ہے ۔ انہوں نے ملک کو متحد رکھنا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ملک کو ایک رکھا۔ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے کہا تھا اندرا گاندھی درگا کا روپ ہیں اور مودی جو زبان بولتے ہیں اس میں فرق ہے ۔اس لیے جو ماحول ہے اس سے لگتا ہے مسٹر مودی اگلے وزیر اعظم نہیں بننے والے ہیں۔