لاہور۔30 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) جکارتہ میں جاری ایشین گیمز میں برونز میڈل جیتنے والی پاکستانی کراٹیکاز نرگس حمید نے کہا ہے کہ اگلا ہدف گولڈ میڈل حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے وطن واپسی پر لاہور ایرپورٹ پرصحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کم سہولیات کے باوجود میڈل جیتنے پر خوشی ناقابل بیان ہے۔انہوں نے ایشین گیمز میں برونز میڈل جیتا اور جکارتہ میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی نرگس حمید لاہور پہنچیں تو انکا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ نرگس نے مزید کہا کہ ہم مالی طور پر اتنے مضبوط نہیں ہیں کہ اپنے طور پر آگے بڑھ سکیں حکومت مدد کرے تو مزید میڈل لاسکتے ہیں۔ چاہتی تھی کہ گولڈ میڈل حاصل کروں اور پاکستان کا ترانہ بجے۔ اس میڈل کو قوم کے نام کرتی ہوں۔ پاکستان کراٹے فیڈریشن کی سیکریٹری نے کہا کہ عمران خان نئے پاکستان میں صرف کرکٹ نہیں دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دیں۔ سیکریٹری کراٹے فیڈریشن عندلیب سندھو کے بموجب پاکستانی کھلاڑیوں کو غیرملکی کوچز فراہم کئے جائیں اور نرگس کو ا سکالر شپ بھی دیا جاے اورکراٹے میں تعاون کیا جاے تو مزید میڈلز بھی جیت سکتے ہیں۔