معصوم لڑکی کی عصمت ریزی کے بعد بے رحمی سے قتل واقعہ پر خواتین کا سخت احتجاج
نرمل ۔ /17 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نرمل سے دس کیلو میٹر دور سون منڈل میں دس سالہ معصوم لڑکی ایک درندہ صفت کے ہاتھوں عصمت ریزی کا شکار ہوگئی ۔ بعد ازاں اس معصوم کا بے رحمی سے قتل کردیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سون منڈل کے موضع کچن پلی میں ایک درندہ صفت نے معصوم لڑکی کو بہلاکر اپنی موٹر سیکل پر جنگلاتی علاقہ میں لے گیا اور اپنی ہوس کا شکار بنانے کے بعد اس کا بے رحمی سے قتل کردیا ۔ کل یعنی دوپہر سے اس دس سالہ لڑکی کے غائب ہوجانے کے بعد والدین اور رشتہ دار کافی تلاش کرنے کے بعد رات دیر گئے پولیس میں لڑکی کے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کروائی ۔ پولیس کی خصوصی ٹیم آج صبح کی اولین ساعتوں میں شبہ کی بنا پر 27 سالہ پروین کو حراست میں لیکر تفتیش کی تو اس نے اقبال جرم کرتے ہوئے پولیس کو اس مقام پر لے گیا جہاں اس درندہ نے ایک معصوم کی عصمت ریزی کے بعد اس کا قتل کردیا ۔ پولیس نے پروین کو تحویل میں لیتے ہوئے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے دواخانہ منتقل کردی ۔ تاہم اس واقعہ کی اطلاع سارے علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔ بے قابو خواتین کی بڑی تعداد جمع ہوکر قومی شاہراہ پر راستہ روکو احتجاج منظم کیا ، ٹریفک معطل ہوگئی ۔ پولیس کی بھاری جمعیت نرمل سے سون قومی شاہراہ پہونچ گئی تاہم پولیس کو حالات پر قابو پانے کے لئے کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ خواتین انتہائی جذباتی ہوگئیں اور قاتل کو حوالے کرنے کی مانگ کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا ۔کافی سمجھانے کے بعد احتجاج ختم ہوا ۔ پولیس فورس کو اس علاقہ میں تعینات کردیا گیا جبکہ اس واقعہ کو لیکر ہر کسی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ عوام اس درندہ صفت کو سخت سے سخت سزاء کا مطالبہ کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید مذمت ہر ایک کی جانب سے کی جارہی ہے ۔ اس ضلع میں یہ پہلا موقع ہے کہ خواتین معصوم لڑکی کی عصمت ریزی کے خلاف سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہوگئی ۔