نرمل میں کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے خلاف احتجاج

نرمل ۔ /19 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تین دن قبل سون منڈل کے موضع کچن پلی میں ایک دس سالہ لڑکی کے قتل اور عصمت ریزی کے شرمناک واقعہ پر صفا بیت المال کے زیراہتمام احتجاج منظم کیا گیا ۔ یہ احتجاج منی ٹینک بنڈپر کیا گیا جس میں مسلم ، دلت قائدین کے علاوہ عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اس واقعہ کی شدید مذمت کی ۔ اس موقع پر مفتی احسان شاہ قاسمی و مولانا عبدالعلیم قاسمی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اس واقعہ نے انسانیت کا قتل کیا ہے ۔ انہوں نے ریاستی اور مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ خاطی کو ایسی عبرت ناک سزاء دی جائے کہ ایسے واقعہ کے درندہ ذہنیت کے حامل خوف سے کانپ اٹھے ۔ اس سلسلہ میں ایک یادداشت ضلع کلکٹر نرمل کو پیش کی گئی ۔ اس موقع پر امتیاز مفتاحی ، حافظ احمد حسین ، حافظ ندیم ، حافظ الیاس ، حافظ ابو ماجد ، مولوی اشتیاق ، فہیم الدین ، سلمان شیخ جرنلسٹ ، شیخ عثمان صدر کلام گنم سوسائیٹی ، نذیر الدین ، صدر اقلیتی سیل ٹی آر ایس نرمل ، شیخ بشیر کے علاوہ نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔