نرمل میں عالمی نعتیہ مشاعرہ کا کامیاب انعقاد

ہزاروں عاشقان رسول ؐ کی عقیدت و محبت کے ساتھ شرکت
نرمل۔/28مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جمعیتہ علماء نرمل کے زیر اہتمام ملک کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا بالکل پہلی مرتبہ منفرد اور تاریخ ساز عالمی نعتیہ مشاعرہ سرزمین نرمل پر منعقد ہوا، اس مشاعرہ نے ایک نئی تاریخ رقم کی اس لئے کہ رات 9بجے مشاعرہ کا آغاز ہوا اور دوسرے دن صبح کی اولین ساعتوں میں مشاعرہ کا اختتام عمل میں آیا ۔ٹھاٹھیں مارتا سروں کا سمندر ایک عجیب و غریب منظر پیش کررہا تھا ۔ یقینا درخت اپنے پھل سے اور انسان اپنی تعلیم سے پہچانا جاتا ہے کیونکہ ادب تہذیب کا چہرہ ہے اور مشاعرہ بھی ایک سلطنت ہے جس میں اشعار کے ذریعہ شاعر سامعین کو عشق رسول کاشدت سے احساس دلاتے ہوئے سنتوں پر عمل کرنے کا جذبہ پروان چرھاتا ہے ۔ عالمی نعتیہ مشاعرہ ہر سال جمعیتہ علماء شاخ نرمل منعقد کرتی ہے تاہم یہ اعزاز نرمل کے حصہ میں پہلی مرتبہ آیا کہ بڑی ذمہ داری سے جمعیتہ علماء کی ٹیم نے ایک عالمی مشاعرہ کے انعقاد کے ذریعہ نرمل میں ایک تاریخ بنائی۔ مشاعرہ کی صدارت حافظ شبیر احمد صدر جمعیتہ علماء ریاست تلنگانہ و آندھرجا پردیش نے کی جس میں ہزاروں عاشقان رسول نے بڑی عقیدت و محبت کے ساتھ شرکت کی اور شعراء کرام کو خوب داد و تحسین سے نوازا۔ اس مشاعرہ میں ملک و بیرون ملک سے شعراء کرام نے اپنے نعتیہ کلام اور مترنم آواز سے سامعین کو کافی متاثر کیا۔ اس عالمی مشاعرہ کی نظامت کے فرائض مفتی الیاس احمد حامد قاسمی نے کافی اچھے انداز میں کی۔ خطبہ استقبالیہ مفتی کلیم الرحمن مظاہری نے پیش کیا۔ صبح کی اولین ساعتوں میں مولانا مفتی عبدالمغنی صدر جمعیتہ علماء ضلع عادل آباد کی دعاء پر یہ نعتیہ مشاعرہ اختتام کو پہنچا۔