نرمل میں بھی انہدامی کارروائی غیر مجاز تعمیرات کے مالکین کو ایک دن کی مہلت

نرمل۔/28ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر حیدرآباد میں گذشتہ ہفتہ شدید بارش کی تباہ کاریوں کے بعد حکومت نے نالوں پر ناجائز تعمیرات کو منہدم کرنا شروع کردیا اسی انداز میں اضلاع کے مختلف مقامات پر بھی انہدامی کارروائیوں کا آغاز ہوچلا ہے۔ آج بلدیہ نرمل کے عہدیدار نسرین بانو، TPS کی نگرانی میں سابق قومی شاہراہ نرمل جونیر کالج کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے غیر مجاز تعمیرات کے مالکین کو صرف ایک دن کا وقت دیا اور کہا کہ کل تک اپنے اپنے طور پر سامان منتقل کرتے ہوئے عارضی شیڈس وغیرہ یہاں سے ہٹالیں ورنہ کل سے تمام غیر مجاز قبضہ جات و تعمیرات کو مشنری کے ذریعہ منہدم کردیا جائے گا۔TPS نسرین بانو کے ہمراہ بلدیہ کا عملہ اور پولیس عہدیدار بھی شامل ہیں۔ یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ اس ہفتہ بارش سے ہوئے نقصانات کی وجہ تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر مفلوج ہوگئی تھیں اب جبکہ بارش تھم گئی ہے تو چھوٹے تاجرین کیلئے نیا مسئلہ شروع ہوگیا تاہم حکومت کی پالیسی پر بلدیہ نرمل عمل کرتے ہوئے نرمل کے تمام علاقوں میں غیر مجاز تعمیرات کے ساتھ ساتھ بوسیدہ مکانات کی بھی محکمہ بلدیہ نشاندہی کرتے ہوئے مکانات کے مالکین کو نوٹس جاری کررہی ہے کہ وہ فوری بوسیدہ مکان خالی کرلیں۔ آج شام تمام غیر مجاز تعمیرات کو وارننگ دے دی گئی ہے کل سے عمل آوری شروع ہوگی۔