نرمل میں بڑے پیمانے پر پولیس بندوبست ڈیویژنل آفیسر ٹی منوہر ریڈی کا بیان

نرمل۔/31اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر نرمل میں گنیش وسرجن اور عیدالاضحی کے پیش نظر پولیس نے بڑے پیمانے پر انتظامات کو قطعیت دیتے ہوئے تمام عبادت گاہوں کے پاس پولیس پکیٹس قائم کیا۔ جبکہ نرمل میں سب ڈیویژنل پولیس آفیسر نرمل مسٹر ٹی منوہر ریڈی و سرکل انسپکٹر مسٹر جان دیواکر کی قیادت میں پولیس کا فلیگ مارچ بھی نرمل کے تمام علاقوں میں کیا گیا۔ فلیگ مارچ کے اختتام کے بعد سب ڈیویژنل پولییس آفیسر مسٹر منوہر ریڈی نے ’ سیاست نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی اور گنیش تہوار کے پرامن اختتام کے لئے پولیس نے وسیع تر بندوبست کرتے ہوئے خصوصی پولیس پارٹیاں تشکیل دی ہیں جس میں سادہ لباس میں بھی پولیس نرمل کے علاقوں میں گشت کرتے ہوئے حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مستقر نرمل میں 2 ستمبر کو بھی مورتیوں کا وسرجن ہے اور 5 ستمبر کو مرکزی گنیش جلوس کے پیش نظر پولیس نے گذرنے کے تمام راستوں پر جہاں عبادت گاہیں ہیں وہاں پر پولیس سی سی کیمرہ نصب کررہی ہے تاکہ کسی بھی شرپسند عناصر کی حرکت پر نظر رکھی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام انتظامات راست ضلع ایس پی مسٹر وشنو ایس واریار کی نگرانی میں کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کی برقراری میں پولیس کا تعاون کریں۔