نرمل میں اندرا کرن ریڈی کو مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری

نرمل۔ 23 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نرمل جو ضلع عادل آباد کا مرکزی مقام کہلاتا تھا، اب ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کی کامیاب نمائندگی اور چیف منسٹر کے سی آر کی خصوصی توجہ کے سبب اس علاقہ کو ضلع کا درجہ دیئے جانے کے بعد سارے علاقہ میں خوشی کا ماحول ہے۔ کل یعنی 22 اگست کو رات دیر گئے تک نرمل کے مقامی تاجرین، سرکاری و غیرسرکاری عہدیداروں کے علاوہ اقلیتوں کی بڑی تعداد ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی کی رہائش گاہ پہنچ گل گلپوشی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی جبکہ صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد جناب مختار احمد خاں نے بھی وزیر موصوف کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کی کوششوں کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی کا یہ تاریخ ساز کارنامہ ضلع کی سیاست میں سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا۔ اندرا کرن ریڈی ایک قابل اور سینئر سیاست داں ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی اقلیت نوازی نرمل ہی نہیں سارے ضلع میں مثالی ہے۔ اس موقع پر سینئر صحافی و اسٹاف رپورٹر سیاست سید جلیل ازہر نے بھی ریاستی وزیر کو مبارکباد پیش کی۔ رات دیر گئے تک بھی نرمل و اطراف و اکناف کے علاقوں سے عوام ان کی رہائش گاہ پہنچ کر مبارکباد پیش کرتے ہوئے بہ کثرت گلپوشی کررہے تھے۔