نرمل 27 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع عادل آباد کے مرکزی مقام شہر نرمل میں ادارہ سیاست کے زیراہتمام ٹیلرنگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ واضح ہوکہ گزشتہ ماہ محسن اُردو اور خادم قوم جناب عامر علی خان صاحب نیوز ایڈیٹر سیاست کے دورہ نرمل کے موقع پر انصار احمد ساحل صدر گلوبل ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی نرمل کی نمائندگی پر شہر نرمل میں خواتین کی تربیت کیلئے ٹیلرنگ سنٹر کے قیام کو منظوری دے دی ہے۔ ٹیلرنگ کلاسیس کا آغاز اپریل کے پہلے ہفتہ میں پنچشیل بی ایڈ کالج محلہ گاجل پیٹ نرمل میں ہوگا۔ جناب محمد عبدالشکور معتمد انتظامی کمیٹی جامع مسجد نرمل و ڈائرکٹر پنچشیل بی ایڈ و ڈی ایڈ کالجس نے ٹیلرنگ سنٹر کے قیام کیلئے اپنی جانب سے پنچشیل کالج کے مقام کی پیشکش کی ہے۔ اس ٹیلرنگ کورس کی مدت تین ماہ ہوگی۔ جس کے لئے تجربہ کار خاتون انسٹرکٹر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ کورس کی تکمیل کے بعد ٹیلرنگ سنٹر سے مستفید ہونے والی خواتین میں اسنادات بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ ہر ماہ برائے نام فیس صرف 100/- روپئے رکھی گئی ہے۔ اس ٹیلرنگ سنٹر کے قیام کا مقصد مستحق مسلم خواتین کو خود مکتفی اور بااختیار بنانا ہے۔ جناب سید جلیل ازہر سینئر اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست نرمل و انصار احمد ساحلؔ نے شہر کی مسلم خواتین سے خواہش کی ہے کہ وہ سلائی مشین اور سینے پرونے کی تربیت کے لئے جلد از جلد اپنے ناموں کے رجسٹریشن اور تفصیلات کے لئے سیل نمبرات 7396795236 ، 9849172877 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ اسی دوران سرزمین نرمل کی فعال علمی اور ادبی تنظیم گلوبل سوسائٹی کے ذمہ داران نے کہاکہ اُردو ادب کے متوالوں، محبان اُردو اور اہلیان نرمل کے اصرار پر ایک عظیم الشان کل ہند سنجیدہ و مزاحیہ مشاعرہ منعقد کرنے کا سوسائٹی منصوبہ رکھتی ہے۔ اس سلسلہ میں بہت جلد باضابطہ اعلان کیا جائے گا کیونکہ شہر نرمل اُردو ادب کا ایک گہوارہ ہے جہاں پر مختلف اُردو تنظیموں کی جانب سے کل ہند مشاعرے منعقد کرکے ایک تاریخ رقم کی ہے۔