نئی دہلی ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج مطالبہ کیا کہ نرملا سیتارامن رافیل معاملت پر دروغ گوئی کی بناء وزیردفاع کی حیثیت سے مستعفی ہوجائیں اور کہا کہ ان کا موقف ناقابل قبول بن چکا ہے کیونکہ ایچ اے ایل کے سابق سربراہ نے ان کا ایک جھوٹ آشکار کردیا ہے۔ صدر پارٹی راہول گاندھی نے نرملا پر نکتہ چینی کیلئے ٹوئیٹر کا سہارا لیا اور ان پر ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ کی رافیل طیارہ تیار کرنے کی قابلیت کے بارے میں دروغ گوئی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے ٹوئیٹ کیا اور سابق ایچ اے ایل چیف کے ادعا سے متعلق میڈیا رپورٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ آر ایم (رافیل منسٹر) کو کرپشن کا دفع کرنے کی ذمہ اری سونپی گئی ہے اور وہ پھر ایک بار جھوٹ کہتے پائی گئی۔ ایچ اے ایل کے سابق سربراہ پی ایس راجو نے ان کا جھوٹ پکڑ لیا ہے کہ ایچ اے ایل کے پاس رافیل کی تیاری کیلئے قابلیت نہیں تھی۔ ان کا موقف قبول نہیں کیا جاسکتا اور انہیں ضرور مستعفی ہوجانا چاہئے۔ کانگریس ترجمان منیش تیواری نے بھی کہاکہ نرملا کو مستعفی ہونے چاہئے کیونکہ انہوں نے رافیل معاملت کے بارے میں عوام کو مبینہ طور پر گمراہ کیا ہے اور کہا کہ حکومت کے دلائل سرکاری زیرانتظام ایچ اے ایل کے سابق سربراہ کے بیان سے چکناچور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے ایچ اے ایل کے سابق سربراہ ٹی سورنا راجو کے ریمارکس کا حوالہ دیا اور نرملا پر تنقید کی کہ انہوں نے رافیل طیارہ کی تیاری کے سلسلہ میں ایچ اے ایل کی قابلیت پر دروغ گوئی کی۔