نرملا سیتارامن کی سنگاپور کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات

سنگاپور 20 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع نرملا سیتارامن نے سنگاپور کے نائب وزیر اعظم تیو چی ہئین سے آسیان وزرائے دفاع کے اجلاس کے موقع پر یہاں ملاقات کی ۔ آسیان وزرا دفاع کا 12 واں اجلاس یہاں منعقد ہو رہا ہے جس میں آسیان ممالک کے وزرائے دفاع شرکت کر رہے ہیں۔ دو روزہ کانفرنس کا آغاز جمعہ کو ہوا تھا جس میں آسٹریلیا ‘ چین ‘ جاپان ‘ نیوزی لینڈ ‘ جنوبی کوریا ‘ روس اور امریکہ کے وزرائے دفاع شرکت کر رہے ہیں۔ وزیر دفاع کے دفتر نے تصاویر کے ساتھ ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ شریمتی نرملا سیتارامن نے نائب وزیر اعظم سنگاپور کے ساتھ خیر سگالی ملاقات کی ہے ۔ یہ ملاقات آسیان وزرائے دفاع کی کانفرنس کے موقع پر ہوئی ہے ۔ سیتارامن اپنے سنگاپور کے ہم منصب نگ انگ ہینگ سے بھی ملاقات کرنے والی ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی کی لعنت پر اظہار خیال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کی اس کی تمام صورتوں میں مذمت کرتے ہیںاور ہمارا یہ ماننا ہے کہ دہشت گردی عالمی امن کیلئے اور سکیوریٹی کیلئے خطرہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہر طرح کی دہشت گردی جرم ہے اور اس کا کوئی دفاع نہیں ہوسکتا چاہے اس کے مقاصد جو کچھ بھی ہوں۔