حیدرآباد ۔ /25 جون ( سیاست نیوز) خانگی ہاسپٹل کی نرس کو سرکاری ہاسپٹل میں ملازمت کا جھانسہ دے کر دست درازی کرنے والے دو افراد کے خلاف راجندر نگر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ خاتون جو پیشہ سے نرس ہے اسے سرکاری ہاسپٹل میں ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ کرکے امجد اور محیط اپنی کار میں نامعلوم مقام منتقل کررہے تھے کہ خاتون نے مدد کیلئے چیخ و پکار کی اور بعد ازاں کار سے چھلانگ لگادی ۔ انسپکٹر راجندر نگر مسٹر کشال کر نے بتایا کہ امجد اور محیط نے نرس کو سرکاری ملازمت کا یقین دلایا تھا اور اسی بہانے اسے سنسان مقام پر منتقل کرکے اس کی عصمت ریزی کی کوشش کی ۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور دونوں ملزمین کی تلاش جاری ہے ۔
رائے درگم میں سڑک حادثہ
ایک شخص ہلاک
حیدرآباد ۔ /25 جون ( سیاست نیوز) رائے درگم کے علاقہ میں صدام حسین نامی شخص سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق پیشہ سے ویلڈنگ کا کام کرنے والے صدام حسین /19 جون کو ایک سڑک حادثہ میں زخمی ہوگیا تھا ۔ اس وقت وہ سیکل پر جارہا تھا ۔ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ اس صدام حسین کا تعلق اترپردیش سے بتایا گیا ہے جو روزگار کے سلسلہ میں شہر آیا ہوا تھا ۔ ایک تیز رفتار ٹینکر نے اس کی سیکل کو ٹکر دے دی اور صدام حسین شدید زخمی حالت میں آج فوت ہوگیا ۔