نئی دہلی ، یکم اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) حالات کے سنسنی خیز موڑ میں نرسنگ یادو کو آج ریو اولمپکس میں مسابقت کرنے کی منظوری مل گئی جیسا کہ انھیں ڈوپنگ کے الزامات سے نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (ناڈا) نے بری کرتے ہوئے رولنگ دی کہ ریسلر ’’سبوتاج‘‘ کا شکار ہوئے اور شبہ کا فائدہ پانے کے مستحق ہیں۔ گزشتہ چند روز سے جاری تجسس کو ختم کرتے ہوئے ناڈا ڈی جی نوین اگروال نے نرسنگ کو کلین چٹ دینے والا بیان پڑھا، جس کے ساتھ ہی اُن کے حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اگروال نے فیصلہ پڑھتے ہوئے کہا، ’’ہم نے ملحوظ رکھا کہ ماضی میں 2 جون تک اُن کے کوئی بھی نمونے مثبت نہیں تھے۔ یہ ناقابل تصور ہے کہ ایک مرتبہ کا استعمال فائدہ مند ہوگا۔ اس لئے پیانل کی رائے ہے کہ ایک بار کا استعمال دانستہ نہیں ہے۔ پیانل یہ نتیجہ اخذ کرتا ہے کہ اتھلیٹ ناڈا کے اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے آرٹیکل 10.4 کا فائدہ پانے کے مستحق ہیں۔ یہ پیش نظر رکھتے ہوئے کہ وہ سبوتاج کا شکار ہوئے، پیانل انھیں ناڈا کے اینٹی ڈوپنگ قواعد کے الزامات سے بری کرتا ہے۔ نرسنگ جن کی جگہ پراوین رانا کو ریو جانے والے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا تھا، آج ناڈا ہیڈکوارٹرز میں موجود تھے جب یہ فیصلہ کیا گیا۔ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا نے آج کہہ دیا کہ نرسنگ کو اب اسکواڈ میں واپس لایا جائے گا۔ نائب صدر انڈین اولمپک اسوسی ایشن ترلوچن سنگھ نے کہا کہ ریسلر نرسنگ کیلئے عملی طور پر کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی اور وہ چار سالہ میگا ایونٹ میں حصہ لینے کی بھرپور تیاری کررہے ہیں۔ ترلوچن نے کہا کہ یہ انڈین اسپورٹس کیلئے اچھی علامت ہے۔ نرسنگ کو غیرضروری طور پر بعض مفاداتِ حاصلہ نے شکار بنایا۔ ہمیں بہت خوشی ہے کہ ناڈا نے درست موقع پر مناسب فیصلہ کیا ہے۔ وہ بڑی آسانی سے ریو پہنچ کر انڈین ٹیم میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ناڈا نے وقت ضروری لیا مگر مناسب فیصلہ کیا ہے۔ دریں اثناء ڈبل اولمپک میڈلسٹ سشیل کمار نے ناڈا فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور نرسنگ سے کہا کہ ریو جائیں اور اُن کے اور ملک کیلئے جیت کر آئیں۔