حیدرآباد /20 اگست ( سیاست نیوز ) نرسری کی تنصیب کے نام پر تنازعہ اور بلدی عہدیداروں کی مبینہ لاپرواہی ایک شخص کی موت کا سبب بن گئی ۔ کشائی گوڑہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 71 سالہ سائی کمار جو ریٹائرڈ سرکاری ملازم اے ایس راؤ نگر علاقہ میں رہتا تھا ۔ اس شخص کے مکان کے بازو اس کے پڑوسی ناگیشور راؤ نے نرسری لگائی تھی جس کے سبب کیڑے اور مچھروں سے اس ضعیف شخص کو مشکلات پیش آرہی تھی اس نے بلدیہ میں شکایت کی تھی اور بلدی عہدیداروں نے اس پر کارروائی کرتے ہوئے نرسری کو بند کردیا تھا ۔ تاہم چند روز بعد دوبارہ ناگیشور کی بیوی درگا لکشمی اور اس کی بہن اننت لکشمی اور بیٹے نے دوبارہ نرسری شروع کردی ۔ اس بات پر ان دونوں پڑوسیوں میں جھگڑا ہوا ۔ سائی کمار اور اس کی بیٹی سبھاشنی پر تینوں نے حملہ کردیا ۔ اس دوران یہ شخص نیچے گرکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔