نرساپور کو ضلع میدک میں شامل کرنے کا مطالبہ

چیف منسٹر سے نمائندگی کرنے رکن اسمبلی مدن ریڈی کا تیقن
میدک۔ 26 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایم ایل اے نرسا پور مسٹر سی ایچ مدن ریڈی نے کہا کہ حلقہ اسمبلی نرسا پور کے تمام 6منڈلس ‘ نرسا پور ‘شیوم پیٹ ‘ ویلدرتی ‘ کلچرم ‘ کوڑی پلی اور شہنورا کو نرسا پور میں ہی قائم رکھتے ہوئے نرسا پور کو ریونیو ڈیویژن کا درجہ دیتے ہوئے نوقائم شدہ ضلع میدک ہی میں شامل رکھا جائے ۔ اس خصوص میں ضلع انچارج وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ سے نمائندگی کی گئی ہے ۔ مسٹر مدن ریڈی کوڑی پلی میں واقع اپنی قیامگاہ پر حلقہ اسمبلی نرساپور کے ٹی آر ایس پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ نرسا پور کے کارکن اور عوام بھی نرساپور کو ریونیو ڈیویژن کا درجہ دے کر ضلع میدک میں شامل کرنے کے حق میں ہیں ۔ عوام کے احساسات سے متعلق ہریش راؤ کو واقف کروایا گیا ہے ۔ انہوں نے اس خصوص میں ہمدردانہ غور فرماتے ہوئے ریاستی وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ سے بات چیت کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ مدن ریڈی نے کہا کہ چند مفاد پرست سیاسی قائدین اس بات کو عام کئے ہوئے ہیں کہ نرسا پور کو سنگا ریڈی ضلع میں شامل کریں ۔ اس اجلاس میں ڈی سی سی بی صدرنشین گووردھن ریڈی ‘ منڈل پریشد صدور نشین پدما نرسمہا ریڈی ‘ سرینواس گوڑ ‘ ایس انجینلو ‘ نراجا ‘ وینکٹیشور ریڈی ‘ مہپال ریڈی گوپال ریڈی ‘ کرشنا گوڑ ‘ مسٹر لکشمی صدر سرپنچ فورم کے علاوہ ارکان ایم پی ٹی سیز اور ٹی آر ایس کارکنوں کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ یہاں اس بات کا ذکر کرنا بے محل نہ ہوگا کہ میدک کی عوام بھی نرسا پور حلقہ کو ضلع میدک میں دامل کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں کیونکہ جدید قائم شدہ ضلع میدک میں میدک کے علاوہ اور کوئی اسمبلی حلقہ شامل نہیں ہے ۔