نرساپور میں دلخراش و غم ناک حادثہ

ایک ہی خاندان کے 5 افراد غرقاب ‘ مقامی عوام میں غم کی لہر

نرساپور 18 ؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے منڈل کوڑی پلی محمدنگر گرام پنچایت کے موضع کنوارم کے تالاب میں 5 افراد پانی نہانے کی غرض سے تالاب میں اترے اچانک مشن کاکتیہ کے تحت کئے گئے گڑھے میں گر کر غرقاب ہوگئے ۔ 5 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کنوارم کے متوطن افراد گرمائی تعطیلات گذارنے کے لئے وطن آئے ہوئے تھے ۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد کریم نے مہلوکین کے ناموں کا انکشاف کرتے ہوئے بتایاکہ مہلوکین میں محمد خواجہ ‘ امتیاز علی 40 سالہ ان کے دو لڑکے خواجہ اسحاق علی 12 سال ‘ خواجہ احمد علی 8 سالہ کے علاوہ خواجہ امتیاز علی کے ہم زلف محمد آصف 28 سالہ اور ایک لڑکی حوریہ 15 سالہ شامل ہے ۔ اس دلخراش منظر کو دیکھنے کیلئے قریبی مواضعات منڈرائی ‘ محمد نگر اور کنوارم کے سینکڑوں افراد جمع ہو کر شدید غم کا اظہار کر رہے تھے ۔ تمام مہلوکین کو ٹراکٹر کے ذریعہ بغرض پوسٹ مارٹم ایریا ہاسپٹل نرساپور منتقل کر دیا گیا ہے ۔ بعد پوسٹ مارٹم نعشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ۔ اس دلخراش واقع سے موضع کندرام میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ ایم پی میدک کے پربھاکر رکن اسمبلی نرساپور مدن ریڈی مسلم جماعتوں کے مختلف سیاسی قائدین نے مہلوکین کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی۔ رکن اسمبلی نرساپور نے مہلوکین کے افراد خاندان کو حکومتی مراعات ایکس گریشیا دلانے کا تیقن دیا اور حادثہ کے دن کو موضع کندرام کے لئے سیاہ دن سے تعبیر کیا ۔