نرائین کے بغیر کولکتہ کو راجستھان سے آج سخت مقابلہ

کولکتہ۔25اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل کرکٹ ٹورنمنٹ کے ایک میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس ( کے کے آر) اور راجستھان رائلز ( آر آر) کے درمیان کل یہاں مقابلہ ہوگا جس میں دفاعی چمپئنس کے کے آر کو اپنے پُراسرار اسپنر سنیل نرائین کی عدم موجودگی سے چند مسائل کا سامنا رہے گا ۔ سنیل نرائین کا بولنگ ایکشن پھر ایک مرتبہ تنازعہ کا سبب بنا ہے اور وہ چینائی میں واقع بی سی سی آئی اور آئی سی سی کے ایک مسلمہ ادارہ میں اصلاحی تربیت حاصل کررہے ہیں ۔ چنانچہ کل وہ کے کے آر خلاف بولنگ کیلئے دستیاب نہیں رہیں گے ۔ ان کی غیر موجودگی کے کے آر کیلئے ایک نفسیاتی دھکہ ضرور ثابت ہوسکتی ہے اور یہ ٹیم اپنے گذشتہ میچ میں ڈی /ایل ضابطہ کے تحت سن رائیزرس حیدرآباد کے ہاتھوں شکست اٹھاچکی ہے ۔ رائلز جو لگاتار پانچ کامیابیوں کے بعد ایک کے بعد دیگر شکستوں کے شکار ہوئے ہیں ‘اب دوبارہ کامیابی کے راستہ پر لوٹ آنا چاہتے ہیں ۔ نرائین کے معاملہ میں وہ اگرچہ آنے والے میچوں میں بولنگ کے اہل ہیں لیکن نائیٹ رائیڈرس اپنے اس اسپنر کی بھرپور تائید کرنے کے باوجود کل کسی دوسرے بولر کو بولنگ کا موقع دے کر کوئی جوکھم لینا نہیں چاہتی ۔

نائیٹ رائیڈرس سنیل نرائین کو اپنا قیمتی اثاثہ سمجھتے ہیں اور کپتان گوتم گمبھیر کو ان کے بجائے کسی دوسرا کا انتخاب کرنا دشوار ہوگا ‘ کیونکہ سنیل نے 2012ء اور 2014ء میں کے کے آر کو آئی پی ایل چمپئنس کا خطاب دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا ۔ آئی پی ایل کے تین سیزنس میں سنیل نرائین 52میچ کھیل کر 67وکٹس حاصل کرچکے ہیں ۔ بولنگ ایکشن پر ماضی میں دو مرتبہ برطانیہ اور چینائی میں جانچ کے بعد رواں آئی پی ایل سیریز میں انہوں نے بالکل عام انداز میں کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ ہر میچ میں چار اوورس کا مقررہ کوٹہ مکمل کیا اور فی اوور 7.35ان کے اوسط سے بولنگ کی اور صرف دو وکٹس ہی حاصل کئے تھے ۔ ڈیوڈ وارنر اور شکھر دھون جیسے بیٹسمین ان کی بولنگ پر خوب سزاء دی ‘ جب سن رائیزرس حیدرآباد کے خلاف میچ میں انہوں نے بولنگ کی تھی ۔ نرائین 37رن دینے کے باوجود کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے ۔ صورتحال میں کے کے آر کے پاس متبادل منصوبہ بھی موجود ہے جس کے تحت دو آزمودہ کھلاڑیوں پیوش چاؤلہ اور یوسف پٹھان کے علاوہ وہان بوتھا ‘ بریڈ ہاگ ‘ کے سی کریپا‘ کلدیپ یادو میں سے کس کو شامل کیا جاسکتا ہے ۔