ندیم ترین کی تہنیتی تقاریب

کے این واصف
معروف ہندوستانی بزنس مین و صاحب خیر شخصیت ندیم اختر ترین کو ان کی تعلیمی و سماجی خدمات اور فراخدلانہ کارخیر کے طویل ریکارڈ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ان کی مادر درسگاہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے ندیم ترین کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا جو انھوں نے پچھلے ماہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں منعقد 62 ویں کانوکیشن میں حاصل کیا ۔ اس سے قبل بھی ندیم ترین کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اعزازات سے نوازا جاچکا ہے ۔ تین دہائیوں سے مملکت سعودی عرب میں مقیم ندیم ترین نے ہندوستان کے مختلف علاقوں میں تعلیمی ادارے قائم کئے ہوئے ہیں ۔ وہ دہلی پبلک اسکول ریاض اور ڈیومس پبلک اسکول دمام کے چیرمین بھی ہیں ۔ ندیم ترین کو حاصل ہوئے اس اعلی اعزاز پر سینئر علیگرین اور دہلی پبلک اسکول (ڈی پی ایس) ریاض کے انتظامیہ کی جانب سے شاندار پیمانے پر ان کے اعزاز میں تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ دونوں تقاریب سینئر علیگرنز ، ریاض کی سماجی تنظیموں کے اراکین ، ڈی پی ایس کے اساتذہ ، اسٹاف ، طلباء اور دیگر معززان شہر کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

جمعرات اور جمعہ کی شب منعقد دونوں تقاریب ریاض کی ایک پانچ ستارہ ہوٹل کے بنکویٹ ہال میں منعقد ہوئیں۔ سینئر علیگرینز ڈاکٹر محمد احمد بادشاہ ، ڈاکٹر مصباح العارفین ، طارق مسعود ، ضیغم خاں ، ڈاکٹر انسی جمیل ، سہیل احمد ، نسیم اختر ، معراج محمد خان ، شمس الدین شمس اور آفتاب احمد خان شامل تھے ۔ تمام مقررین نے ڈاکٹر ندیم ترین کے تعلیمی اور سماجی خدمات کو بہترین الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ علیگڑھ میں ان کے ساتھ پڑھے احباب نے طالب علمی کے دور کے دلچسپ واقعات اور باتیں دہرائیں اور ابتدائی عمر سے ان کی سماجی خدمات میں دلچسپی کا ذکر کیا ۔

اس موقع پر محفل کو مخاطب کرتے ہوئے ندیم ترین نے کہا کہ ہماری کمیونٹی کے ہر ذی حیثیت فرد کو اپنے وطن میں غریب طلباء کی مدد کرنے اور مسلم کمیونٹی میں تعلیم کو فروغ دینے کے سلسلے میں اپنے انفرادی کوشش کرنی چاہئے اور اللہ رب العزت نے ہمیں جن نعمتوں سے نوازا ہے اس میں ان لوگوں کو شامل کرنا چاہئے جومحروم رہ گئے ۔ اس تقریب میں ڈاکٹر محمد احمد بادشاہ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ محفل کا آغاز سعود شاہد کی قرأت کلام پاک سے ہوا ۔
دہلی پبلک اسکول ریاض کی جانب سے منعقد کے مہمان اعزازی و سرپرست اعلی ڈی پی ایس ریاض ڈاکٹر ابراہیم القاہد نے ندیم ترین کی تعلیمی خدمات کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے انھیں علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی جانب حاصل ہوئے اعزاز کی مبارکباد پیش کی ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ندیم ترین ایک کامیاب بزنس مین ہیں اور ان کی خاص بات یہ ہے کہ وہ دنیا اور آخرت کی کمائی یکساں طور پر کررہے ہیں ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے صاحب تقریب ڈاکٹر ندیم ترین نے اعلان کیا کہ وہ مملکت کے دیگر شہروں میں یہاں مقیم بچوں کی سہولت کیلئے مزید اسکولز قائم کریں گے تاکہ یہاں قیام پذیر بچوں کو معیاری تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے ۔ ندیم ترین نے یہ بھی کہا کہ ہمیں منفی سوچ اور بدگمانیوں سے احتراز کرنا چاہئے اور ہمیشہ مثبت فکر کے ذریعہ قوم و ملت کی بھلائی و بہتری کے بارے میں سوچنا چاہئے ۔ اس تقریب کی نظامت پرنسپل ڈی پی ایس ریاض معراج محمد خان نے کی اور ابتداء میں ڈاکٹر ندیم ترین کا تفصیلی تعارف بھی پیش کیا ۔ اس محفل کی ابتداء مولانا شمشاد قاسمی کی قرأت کلام سے ہوئی آخر میں مسز سارہ نے ھدیہ تشکر پیش کیا ۔

یوم الوطنی کپ کی نقاب کشائی تقریب
جی کے انٹرنیشنل انڈین اسپورٹس کلب ریاض ہر سال ’’یوم الوطنی کپ‘‘ کے نام سے ایک کرکٹ ٹورنمنٹ کا انعقاد کرتا ہے جس میں سعودی عرب کے مختلف شہروں سے ٹیمیں حصہ لیتی ہیں ۔ کلب ٹورنمنٹ کے افتتاح سے قبل کپ کی نقاب کشائی کے نام سے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کرتا ہے جس میں تمام حصہ لینے والی ٹیموں کے کھلاڑی ، عہدیداران اور دیگر مہمانان شرکت کرتے ہیں ۔ اس تقریب میں ٹیموں کے colors تقسیم کئے جاتے ہیں اور گروپس کا اعلان ہوتا ہے جس کے مطابق ٹیمیں لیگ بنیاد پر میاچس کھیلتے ہیں ۔ پچھلے ہفتہ ’’یوم الوطنی کپ 2014‘‘ کی نقاب کشائی تقریب ہلٹن گارڈن ہوٹل ریاض کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی ۔ اس کی صدارت وزارت داخلہ کے اعلی عہدیدار جنرل سلیمان العشمین نے کی جبکہ ڈاکٹر عثمان المیعنا وائس پریسیڈنٹ سعودی اسپورٹس فیڈریشن نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب کا آغاز ڈاکٹر غیاث کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ نظامت کے فرائض عمر خان نے انجام دئے ۔ ناظم محفل نے سب سے پہلے کلب کے جنرل سکریٹری محمد کلیم کو خیرمقدمی کلمات کے لئے مدعو کیا ۔ جس کے بعد جی کے انٹرنیشنل انڈین اسپورٹس کلب کے صدر ڈاکٹر غیاث احمد نے ہند سعودی تعلقات پر مبنی ایک ڈاکومنٹری پیش کی ۔ ڈاکٹر غیاث نے محفل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے اپنے دورہ ہند کے موقع پر کہا تھا کہ وہ ہندوستان کو اپنا وطن ثانی تصور کرتے ہیں ۔ ڈاکٹر غیاث نے کہا کہ اس طرح سعودی عرب میں برسرکار ہندوستانی باشندے بھی سعودی عرب کو اپنا دوسرا وطن مانتے ہیں کیونکہ ان کی اکثریت اپنی زندگی کا قیمتی اور بڑا حصہ اس ملک میں گزار رہے ہیں ۔ کلب کے ایگزیکیٹو ممبر اور ڈائرکٹر ہلٹن گارڈن ہوٹل فیروز خاں نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہندوستانی خوش نصیب ہیں کہ ہمیں مملکت سعودی عرب میں بہترین روزگار کے مواقع حاصل ہیں اور ہم یہاں اپنی ثقافتی اور اسپورٹس سرگرمیوں کو آزادی سے انجام دیتے ہوئے اپنے وقت کا بہترین استعمال کرتے ہیں۔

ڈاکٹر عثمان المیعنا نے winners ٹرافی اور جنرل سلیمان العشمین نے runner’s up ٹرافی کی نقاب کشائی کی ۔ اور ٹیموں کے کپتانوں کو plaques بھی تقسیم کئے ۔ تقریب کے تمام خصوصی اور مہمانان اعزازی نے قرعہ اندازی کے ذریعہ گروپس اور ان کے کلر colors ٹیموں کے کپتانوں کے حوالے کئے ۔ اس سال ٹورنمنٹ میں جملہ 16 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ 2013ء کے سیزن میں 12 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ ان 16 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ جن کے نام اس طرح ہیں ۔

ٹیموں کے نام سعودی عرب کے 16 مختلف حصوں کے نام پر رکھے گئے ہیں جیسے ریاض رائیڈرس ، جدہ جاکیس ، دمام فائٹرز ، ابھا ایوینس ، تبوک ٹائٹنس ، عرب رائلس ، سعودی اسٹالینس ، ینبو واریرس ، گیزان گلڈیٹرس ، جبیل جیگارس ، ہیل ہیروز ، نجران جیولس ۔ اس سال چار نئی ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے خبیر نائٹس ، سعودی جیمس ، نجد نجمس اور طائف ٹائیگرس ۔

اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر عثمان المیعنا اور تقریب کے صدر سلیمان العشمین نے اپنے مختصر خطاب میں کلب کو یوم الوطنی کپ کے انعقاد پر مبارکباد دی اور ٹورنمنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں سے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی یہ ٹورنمنٹ اسپورٹس کے اعلی اخلاقی روایتوں کی پاسداری کرتے ہوئے ایک اچھے پیمانے پر منعقد ہوگااور آنے والے برسوں میں ترقی کرے گا ۔ کلب کی جانب سے ریاض کرکٹ اسوسی ایشن RCA کے سینئر ممبرز ناصر خان اورمحمد رضی کو ان کی گرانقدار خدمات کے اعتراف میں مہمان خصوصی کے ہاتھوں یادگاری مومنٹوز پیش کئے گئے ۔ فیروز خان نے کلب کی جانب سے سلیمان العمشین اور ڈاکٹر عثمان المیعنا کو بھی یادگاری مومنٹوز پیش کئے ۔ آخر میں عمر خان کے ھدیہ تشکر پر اس محفل کا اختتام عمل میں آیا ۔