نجم سیٹھی کو آئی سی سی کا صدر بنا دیا گیا

لاہور۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی کے سابق صدر مصطفی کمال کے مستعفی ہونے کے بعد سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کو آئی سی سی کا صدر بنا دیا گیا ہے۔ نجم سیٹھی کو تین ماہ پہلے ہی آئی سی سی کا صدر منتخب کرلیا گیا تھا۔ انہیں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے کمال کے استعفیٰ کے بعد نیا صدر چنا گیا ہے۔ کمال نے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں ہندوستان سے میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف غلط امپائرنگ کے فیصلہ پر علیم ڈار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے مستعفی ہونے کی دھمکی دی تھی۔ فائنل سے ایک روز قبل آئی سی سی بورڈ کے ہنگامی اجلاس میں مصطفی کمال کے امپائر کے خلاف بیان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ ورلڈ کپ فاتح کو ٹرافی کونسل کے صدر کے بجائے ہندوستان کے این سری نواسن دیں گے۔