نجم سیٹھی صدر آئی سی سی کے عہدہ سے دستبرداری

لاہور ، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی صدارت سنبھالنے سے پہلے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ سیٹھی نے دستبرداری کے اعلان کے ساتھ ساتھ بورڈ سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی سابق پاکستان کرکٹر کو اس عہدے کیلئے نامزد کر دے۔ سیٹھی نے آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ’’میں آئی سی سی کی صدارت کیلئے نامزد کئے جانے پر آئی سی سی کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں لیکن آئی سی سی کی جانب سے اس اعلان کے بعد کہ آئندہ سال سے یہ عہدہ کسی سابق ٹسٹ کرکٹر کو ہی دیا جائے گا تو میں محسوس کرتا ہوں کہ کسی سابق پاکستانی ٹسٹ کرکٹر کو اس اعزاز سے نوازا جائے گا‘‘۔ آئی سی سی نے بورڈ میٹنگ میں فیصلہ کیا تھا کہ 2016ء سے آئی سی سی کی صدارت کا منصب کسی سابق ٹسٹ کرکٹر کو دیا جائے گا اور ساتھ ساتھ یہ بھی کہا تھا کہ وہ نجم سیٹجی کی بطور صدر تعیناتی کے حوالے سے جون کے آخر میں فیصلہ کریں گے۔ یہاں دلچسپ امر یہ ہے کہ آئی سی سی نے پی سی بی کو ستمبر میں کسی سابق ٹسٹ کرکٹر اس عہدے کیلئے نامزد کرنے کا کہا تھا لیکن بورڈ نے نجم سیٹھی کا نام پیش کردیا تھا جس کے بعد چھ ماہ قبل انہیں اس عہدے کے حوالے سے تمام تر تفصیلات بتائی گئی تھیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ’’میں موجودہ حالات میں فوری طور پر اپنی نامزدگی سے دستبردار ہوتے ہوئے بورڈ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس عہدے کیلئے میری جگہ کسی سابق ٹسٹ کرکٹر کو نامزد کرے‘‘۔