اسلام آباد ۔ 2نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے سابق سربراہ نجم سیٹھی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی صدارت کے لیے نامزد کر دیا ہے۔یہ ایک سالہ صدارتی مدت آئندہ سال یکم جولائی سے شروع ہوگی۔کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین شہریار خان اور بورڈ آف گورنرز نے متفقہ طور پر نجم سیٹھی کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔نجم سیٹھی کی نامزدگی کی منظوری وزیراعظم نواز شریف نے دی ہے جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرستِ اعلیٰ ہیں۔نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہ چکے ہیں تاہم انھیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی کے تنازعے میں عدالتی احکامات کے تحت تین مرتبہ اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔شہریار خان کے چیئرمین بننے کے بعد سے نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن ہیں۔