گلبرگہ /24 اگست ( ذریعہ فیاکس ) ڈاکٹر انیس صدیقی معتمد انجمن کی اطلاع کے بموجب معروف شاعر ، نشرنگار اور معلم نثار احمد کلیم کے سانحہ ارتحال پر انجمن ترقی اردو ہند ( شاخ ) گلبرگہ کے زیر اہتمام تعزیتی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ پروفیسر حمید سہروردی صدر انجمن نے مرحوم کی شخصیت و خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھے شاعر تھے اور اچھے انسان تھے ۔ روایات کی پاسداری ان کی شخصیت اور شاعری دونوں کا خاصہ تھی ۔ پی جی سنٹر بیدر میں مرحوم سے ہوئی ملاقاتوں کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ وہ نہایت پرخلوص انسان تھے ۔ یقیناً وہ عرصہ تک ہماری یادوں کا حصہ بنے رہیں گے ۔ ڈاکٹر وہاب عندلیب نے نثار احمد کلیم کی موت کو حیدرآباد کرناٹک میں اردو زبان و ادب کی تحریک کو نقصان سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ انجمن ترقی اردو اردو ہند کی بیدر شاخ کو بحیثیت صدر ، فعال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ جناب حامد اکمل نے نثار احمد کلیم کو بیدر کے کثیر اتصانیف ادیب و شاعر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ سرگرم زندگی گذاری ۔ طول عمری کے باوجود اردو تعلیم اور شعر و ادب کے فروغ کے ضمن میں کی گئی ہر کوشش میں شریک رہا کرتے ۔ جناب ولی احمد نے کہا کہ نثار احمد کلیم بنیادی طور پرمعلم تھے ۔ درس و تدریس اور اساتذہ کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ہر دم سرگرم عمل رہتے تھے ۔ اردو اساتذہ کی تنظیم کراٹا کی بیدر شاخ کے قیام کے ضمن میں آپ کی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔