نتیش کمار کے تین سال پرانے دورہ پاکستان پر سشیل کمار مودی کا اعتراض

پٹنہ۔یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) بہار اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے سے پہلے جس میں 57انتخابی حلقوں میں رائے دہی ہوگی ‘ سینئر بی جے پی قائد سشیل کمار مودی نے آج چیف منسٹر نتیش کمار کے تین سال قبل دورہ پاکستان پر اعتراض کیا ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر یکے بعد دیگرے کئی تحریریں پیش کرتے ہوئے سوال کیا کہ چیف منسٹر نتیش کمار نے تین سال قبل کس حیثیت میں پڑوسی ملک کا دورہ کیا تھا ‘ جب کہ  پاکستان ہندوستان کے خلاف دہشت گردی میں ملوث تھا یا پھر تازہ دھمکی تھی کہ پاکستان ہندوستان کے خلاف نیوکلئیر ہتھیار استعمال کرے گا اور کیا نتیش کمار پڑوسی ملک کی تائید کررہے تھے ۔ وہ ایسے وقت پاکستان کا دورہ کر کے اپنے ملک کو کیا پیغام دینا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس چیف منسٹر کے  بدھ مت کے پیروممالک کے دورہ جیسے جاپان ‘ تھائی لینڈ ‘ میانمار اور سری لنکا سے ثمر آور نتائج برآمد ہوسکتے تھے اور بہار کو مدد مل سکتی تھی جو مہاتما بدھ کی سرزمین ہے۔ انہوں نے حیرت ظاہر کی کہ نتیش کمار نے ان ممالک کا دورہ نہیں کیا۔