پٹنہ 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جنتادل (یونائیٹیڈ) میں اقتدار کیلئے چیف منسٹر جتن رام مانجھی اور پارٹی کے سینئر قائد نتیش کمار کے درمیان اقتدار کیلئے کشمکش کے دوران ان کی قیام گاہ پر پارٹی قائدین کا ایک اجلاس منعقد ہوا تا کہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے ۔ چیف منسٹر مانجھی نے دریں اثناء ایک گھنٹہ طویل ملاقات مرکزی وزیر مملکت برائے دیہی ترقیات و صفائی رام کرپال یادو سے کی ۔ چیف منسٹر پارٹی کے ضلعی صدور اور دیگر قائدین کے نتیش کمار کی قیام گاہ 7 سرکولر روڈ پر منعقدہ ’’تربیتی پروگرام ‘‘ میں شریک نہیں تھے ۔ پاٹلی پتر کے رکن پارلیمنٹ اور لالو پرساد کی راشٹریہ جنتا دل سے ترک تعلق کر کے بی جے پی میں شامل ہونے والے رام کرپال یادو نے چیف منسٹر بہار کے ساتھ جو بات چیت کی ہے اس سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ چیف منسٹر بہار اُن کی پارٹی میں بعض جنتادل (یونائیٹڈ )قائدین کے ’’غیر ضروری ‘‘تبصروں پر ’’ناراض‘‘ ہیں جن سے اُن کی پارٹی میں حالیہ تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ بہار کے سینئر وزیر نریندر سنگھ نے جو ان تین وزراء میں سے ایک ہیں جن کا استعفی پارٹی ترجمان اجئے الوک نے بی جے پی کے ساتھ قربت کی بناء پر طلب کیا تھا ، ریاستی صدر بششٹ نارائن سنگھ سے ملاقات کرنے گئے ۔ اس کے بعد نتیش کمار کی قیام گاہ پر پروگرام کا آغاز ہوا اور پارٹی میں ڈسپلن سختی سے نافذ کرنے کا مطالبہ کیاگیا ۔ نریندر سنگھ کے علاوہ دیگر دو وزراء جنہوں نے چیف منسٹر مانجھی سے استعفی کا مطالبہ کیا ہے برشین پٹیل اور نتیش مشرا ہیںجو سابق چیف منسٹر بہار جگن ناتھ مشرا کے فرزند ہیں ۔ نریندر سنگھ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے الوک کی جانب سے استعفی کے مطالبہ اور بی جے پی کے ساتھ قربت کے الزام پر ’’تکلیف ‘‘محسوس کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسے شخص ہیں جنہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی کارپوریٹ گھرانوں کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے اور کاشتکاروں کی دشمن ہے۔ اس لئے کوئی بھی اُن پر بی جے پی سے قربت کا الزام کیسے عائد کرسکتا ہے ۔ پارٹی کے ریاستی صدر بششٹ ا نارائن سنگھ نے جو آج دہلی سے واپس ہوئے کہا کہ حالانکہ کسی کے خلاف کارروائی کا آغاز کرنے کی بات ہورہی ہے لیکن لوگ ’’ایسے بیانات جاری کررہے ہیںجو اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ یہ حدود سے تجاوز کررہے ہیں‘‘۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی میں حالات عنقریب درست ہوجائیں گے ۔ اس سوال پر کہ ریاستی وزیر جے کمار سنگھ اور دیگر قائدین نے نتیش کمار کو دوبارہ چیف منسٹر بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ بششٹ نارائن سنگھ نے کہا کہ پہلے وہ نتیش کمار کی قیام گاہ پر جاکر قائدین سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔