نتیش کمار کیخلاف احتجاج ‘ بہار پولیس ملازمین ہولی نہیں منائینگے

پٹنہ 5 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں تقریبا ایک لاکھ پولیس ملازمین نے اپنے افراد خاندان کے ساتھ ہولی نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ سابقہ حکومت کے فیصلوں کو مسترد کردینے چیف منسٹر نتیش کمار کے فیصلے کے خلاف بطور احتجاج کیا گیا ہے ۔ بہار پولیس اسوسی ایشن کے صدر مرتینجے کمار سنگھ نے بتایا کہ آج بہار پولیس کے تقریبا ایک لاکھ ملازمین نے جن میں کانسٹیبل سے انسپکٹر تک شامل ہیں ‘ ہولی نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مانجھی حکومت نے پولیس اہلکاروں کو سال میں ایک بار ایک اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا تھا اس فیصلے کو نتیش کمار نے منسوخ کردیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بہار پولیس کے تقریبا 80 ہزار کانسٹیبلس اور 19 ہزار سب انسپکٹران و انسپکٹران نے حکومت کے فیصلے کے خلاف بطور احتجاج ہولی نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تہوار کے موقع پر سوگ کا اہتمام کیا جائیگا ۔