نتیش کمار کو مودی کی مبارکباد ‘ چیف منسٹر بہارکا اظہار تشکر

پٹنہ۔22فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) نتیش کمار نے چیف منسٹر بہار بننے پر وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے مبارکبادی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سیاسی رقابت کو نظرانداز کرتے ہوئے وہ ریاست کی ترقی کیلئے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور مرکز و ریاست تعاون کو بہتر بنائیں گے ۔ آج چوتھی مرتبہ چیف منسٹر بہار کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی سطح پر ہم ایک دوسرے کے خلاف ہیں لیکن بہار کی ترقی کیلئے وہ نریندر مودی سے ملاقات کے لئے پس و پیش نہیں کریں گے ۔ نتیش کمار اور نریندر مودی کے مابین باہمی رقابت کا سب کو اندازہ ہے ۔ جون 2013ء میں نتیش کمار نے نریندر مودی کو وزارت عظمی امیدوار بنانے پر بطور احتجاج بی جے پی سے قطع تعلق کرلیا تھا ۔ نتیش کمار نے کہا کہ وہ بہتر حکمرانی کو یقینی بنائیں گے اور گذشتہ چند ماہ کے دوران جو نقصانات ہوئے ہیں اس کی پابجائی کیلئے کوشش کریں گے ۔ قبل ازیں وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئیٹر پر نتیش کمار کو چیف منسٹر بہار بننے پر مبارکباد دی اور نیک توقعات کا اظہار کیا ۔