نتیش کمار کو دورہ نیپال سے روکنے پر جے ڈی یو کا احتجاج

پارلیمنٹ میں مسئلہ اٹھاکر وزیر خارجہ سے جواب طلب کیا جائیگا ‘ جنرل سکریٹری کے سی تیاگی کا بیان
پٹنہ 4 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) جنتادل یونائیٹیڈو نے آج مرکزی حکومت کی جانب سے چیف منسٹر بہار نتیش کمار کو زلزلہ متاثرین سے ملاقات کیلئے نیپال کا دورہ نہ کرنے کے مشورہ پر اعتراض کیا ہے اور کہا کہ اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں اٹھایا جائیگا ۔ وزارت خارجہ نے چیف منسٹر بہار نتیش کمار سے کہا ہے کہ وہ اپنے دورہ نیپال کا منصوبہ موخر کردیں اور کسی اور مناسب موقع پر یہ دورہ کیا جائے ۔ نتیش کمار نے خود اس مسئلہ پر کسی تبصرہ سے گریز کیا ہے ۔ جے ڈی یو کے جنرل سکریٹری کے سی تیاری نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی امداد کے معاملہ میں بھی بی جے پی سیاست کر رہی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ ہم اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے اور وزیر خارجہ سشما سواراج سے وجہ طلب کرینگے جس کی بنیاد پر نتیش کمار کو نیپال کا دورہ موخر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ نتیش کمار نیپال میں جنک پور کا دورہ کرنے والے تھے تاکہ زلزلہ متاثرین سے اظہار یگانگت کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کے جنک پور کو دورہ کے تعلق سے نیپال اور مرکزی حکومت کو قبل از وقت ہی اطلاع دیدی گئی تھی ۔ نیپال کو اس دورہ میں کوئی اعتراض نہیں ہے تو پھر مرکزی حکومت کو کیوں مسئلہ ہو رہا ہے ۔ نیپال میں آئے زلزلہ کے بعد مرکزی حکومت اور خود حکومت بہار کی جانب سے جو راحت و امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ان کو بہار سے ہی جاری رکھا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں کئی مرکزی وزرا نے بہار کا دورہ کیا اور ریاستی حکومت نے بھی زلزلہ متاثرین کی امداد کی ہر ممکنہ کوشش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے مرکزی حکومت کی امداد و راحت کی ستائش بھی کی تھی اور نتیش کمار چاہتے تھے کہ ان افراد سے ملاقات کیلئے جنک پور کا دورہ کیا جائے جو بہاری نژاد بھی ہیں۔ مسٹر تیاگی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اس مسئلہ پر بھی سیاست کی جا رہی ہے ۔