نتیش کمار کا مستعفی ہونے کا فیصلہ قطعی :شرد یادو

پٹنہ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اس تجسس کے دوران کے آیا نتیش کمار اپنے استعفی سے دستبردار ہوجائیں گے ،جے ڈی یو کے صدر شرد یادو نے آج کہا کہ نتیش کمار کا چیف منسٹر کے عہدہ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ ’’قطعی ‘‘ہے چنانچہ ایک نئے قائد کا انتخاب کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے کافی غور و خوض کے بعد پارٹی کی بہتری کیلئے اور خود ان کی بہتری کے حق میں یہ فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ این ڈی اے سے ترک تعلقات کا تسلسل ہے ۔ وہ جے ڈی یو کی مقننہ پارٹی کے اہم اجلاس سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ شرد یادو کو پارٹی کے حامیوں کے علاوہ کئی جے ڈی یو ارکان اسمبلی کی برہمی کا کل سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اس کی وجہ نتیش کمار کے استعفی کے سلسلہ میں ان کا اختیار کردہ موقف تھا ۔ شرد یادو نے کہا کہ یہ ایک مشکل لیکن درست اور کارآمد فیصلہ ہے ۔ جے ڈی یو مقننہ پارٹی کا اجلاس نتیش کمار کے مستعفی ہونے کے فیصلہ کی توثیق کرے گا اور ایک نئے قائد کا انتخاب کیا جائے گا۔ چیف وہپ شرون کمار نے تمام ارکان اسمبلی کو اجلاس میںشرکت کی ہدایت دی ہے جو 2 بجے دن منعقد ہوگا ۔ دریں اثناء جے ڈی یو کے احتجاجیوں نے چیف منسٹر کی قیامگاہ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے نتیش کمار کی تائید اور شرد یادو کی مخالفت میں نعرہ بازی کی ۔