نتیش کمار بحیثیت چیف منسٹر بہار مستعفی

آج نئے لیڈر کا انتخاب ، لالو پرساد یادو سے اتحاد کا اشارہ
پٹنہ ۔ 17 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : لوک سبھا انتخابات میں ناکامی اور بغاوت کا سامنا کررہے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج استعفیٰ دے دیا ۔ لیکن انہوں نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش نہیں کی جس سے ریاست میں سیاسی حالات نے ڈرامائی رخ اختیار کرلیا ہے ۔ گورنر بہار ڈی وائی پاٹل نے چیف منسٹر اور ان کے کابینہ کا استعفیٰ منظور کرلیا ۔ راج بھون کے ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ نتیش کمار نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات جنتادل ( یو ) کے لیے بہتر نہیں رہے ۔ عوام کے فیصلہ کا احترام کیا جانا چاہئے

اور اس لیے انہوں نے کابینہ کے ساتھ استعفیٰ دے دیا ہے ۔ انتخابی مہم کی انہوں نے قیادت کی تھی اور اخلاقی ذمہ داری قبول کرنا بھی ان کے لیے ضروری ہے چنانچہ وہ ایسا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جنتادل ( یو ) مقننہ پارٹی کا کل اجلاس منعقد ہوگا جس میں نیا لیڈر منتخب کیا جائے گا ۔ ان سے پوچھا گیا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کیوں نہیں کی گئی ۔ نتیش کمار نے کہا کہ 2010 میں اسمبلی کی تشکیل میں انہوں نے نمایاں رول ادا کیا تھا اور اس کی میعاد پانچ سال ہے ۔ اس لیے وہ نہیں چاہتے کہ مقررہ وقت سے قبل اسے تحلیل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر امیدوار کا کل فیصلہ کیا جائے گا ۔ گورنر نے آئندہ چیف منسٹر کے تقرر تک نتیش کمار کو ذمہ داری ادا کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر اتحاد کے لیے آر جے ڈی لیڈر لالو پرساد یادو کے ساتھ اختلافات کی یکسوئی کی جائے گی اور تمام سیکولر طاقتیں متحد ہوں گی ۔۔